دریائے ستلج میں سیلاب کی آمد کے پیش نظر تمام حفاظتی انتظامات مکمل ہیں، عبداللہ خان سنبل

قصور (محمد عمران سلفی سے) کمشنر لاہور ڈویژن لاہور عبداللہ خان سنبل نے دریائے ستلج کے مختلف مقامات پر پانی اور متوقع سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے قصور کا دورہ کیا اور تمام انتظامات کا جائزہ لیا ۔تفصیلات کے مطابق کمشنر لاہور ڈویژن لاہور عبداللہ خان سنبل نے گزشتہ روز متوقع سیلاب کی صورتحا ل کا جائزہ لینے کیلئے دریا ئے ستلج میں پانی کی صورتحال اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے تمام انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انکے ہمراہ ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ ، ڈی پی او رائے بابر سعید ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد ، اسسٹنٹ کمشنر قصور وردہ مشہود شورش، ایس ڈی او اریگیشن محمد رمضان بھٹہ ، تحصیلدار اور دیگر افسران بھی تھے ۔ کمشنر لاہور ڈویژن نے دریائے ستلج کے مختلف مقامات اور قریبی دیہاتوں مستکے پتن ، چندہ سنگھ والا اور بھیکی ونڈ کا دورہ کیا اور وہاں کے رہائشیوں کو حکومت کی طرف سے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ نے بتایا کہ دریائے ستلج میں کنکر پوسٹ کے مقام پر 10ہزار 500کیوسک جبکہ تلوار پوسٹ کے مقام پر 16ہزار کیوسک پانی کا بہائو ہے اور یہاں فی الحال سیلاب کا کوئی خطرہ نہ ہے جبکہ یہاں نچلے درجے کا سیلاب بھی 70 ہزار کیوسک پانی کے بہائو سے شروع ہوتا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں اور باقاعدہ ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیئے گئے ہیں جن میں صحت سے متعلق ہر قسم کی ادویات وافر مقدار میں جبکہ پیرا میڈیکل سٹاف بمعہ ڈاکٹرز ہر وقت موجود ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ دریائے ستلج میں ممکنہ سیلاب کی آمد کے پیش نظر تمام حفاظتی انتظامات مکمل ہیں اورضلعی انتظامیہ قصور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔

Abdullah Khan Sumbal News

Abdullah Khan Sumbal News