سویڈن حکام کو وکی لیکس کے بانی سے پوچھ گچھ کی اجازت مل گئی

Julian Assange

Julian Assange

سویڈن (جیوڈیسک) ایکواڈور کی حکومت اس بات پر رضامند ہو گئی ہے کہ سویڈن حکام لندن میں اس کے سفارت خانے میں پناہ گزین جولیئن اسانج سے پوچھ گچھ کر سکتے ہیں. انھیں سویڈن میں دو خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام کا سامنا ہے۔

اسی الزام کے باعث جولیئن اسانج نے دوہزار بارہ میں لندن میں ایکواڈور کے سفارت خانے میں پناہ لی تھی۔ وکی لیکس کے بانی اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

اسانج کو یہ بھی خدشہ ہے کہ ملک بدری کے بعد سویڈش حکام انھیں امریکہ بھیج سکتے ہیں جہاں خفیہ امریکی دستاویزات شائع کرنے کی وجہ سے ان پر مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔ جولیئن اسانج نے دوہزار دس میں بڑی تعداد میں امریکی خفیہ دستاویزات شائع کی تھیں۔