شام: فضائی کارروائی میں القاعدہ کے رہنما کو نشانہ بنایا گیا

Syria

Syria

واشنگٹن (جیوڈیسک) پینٹاگان نے بتایا ہے کہ شام میں کیے گئے ایک فضائی حملے میں ’’القاعدہ کے معروف رہنما‘‘ کو ہدف بنایا گیا ہے۔

پینٹاگان ترجمان، نیوی کپتان جیف ڈیوس نے کہا ہے کہ پیر کے روز کیے گئے اِس حملے میں القاعدہ کے ایک اہم رہنما کو ہدف بنایا گیا۔

اُنھوں نے مزید تفصیل فراہم نہیں کی، جب تک محکمہٴ دفاع اس بات کی تصدیق نہیں کرتا آیا یہ کارروائی کتنی کامیاب ثابت ہوئی۔ اُنھوں نے بتایا کہ حکام اس کارروائی کے نتیجے کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ڈیوس نے مزید کہا کہ ’’ہر بار جب ہم القاعدہ کا کوئی اہم رہنما ہلاک کرتے ہیں، ہم اُن کی کمان اور کنٹرول پر کاری ضرب لگاتے ہیں اور اُن کے پھیلاؤ کو روک دیتے ہیں‘‘۔

علاقے سے موصول ہونے والی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ابو الفراج المصری کو نشانہ بنایا گیا، جو القاعدہ لیڈر ایمن الظواہری کا سابق ساتھی رہ چکا ہے، جو اب مرحوم ہو چکا ہے۔

اِن اطلاعات میں، جن کی ’وائس آف امریکہ‘ تصدیق نہیں کرپایا، کہا گیا ہے کہ اُنھیں پیر کے روز شام کے صوبہٴ ادلب میں نشانہ بنایا گیا۔