شام میں پناہ گزین کیمپ پربمباری، بچوں سمیت 30 افراد ہلاک

Syria

Syria

دمشق (جیوڈیسک) شامی صوبے ادلب میں شدت پسندوں کے زیر قبضہ علاقوں میں واقع پناہ گزین کیمپ پر ہونے والے فضائی حملے میں بچوں سمیت 30 افراد ہلاک جب کہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شام کے صوبے ادلب میں خانہ جنگی کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کے لئے بنائے گئے کمونہ کیمپ پر فضائی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 30 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیم سیرئین آبزروٹیری فارہیومن رائٹس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی کی سرحد سے 10 کلومیٹر اور سرمدا سے 4 کلومیٹر دور پناہ گزینوں کے کمونہ کیمپ پرفضائی حملہ کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 30 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی حکومت اور باغیوں کے درمیان عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا لیکن شام میں جنگ بندی کی توسیع کے صرف ایک دن بعد ہی فضائی حملہ کردیا گیا ہے۔