شام جنگ بندی نئی کوشش؛ جنیوا میں کیری، لاوروف ملاقات

Kerry-Lavrov Meeting

Kerry-Lavrov Meeting

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری جنیوا میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کرنے والے ہیں، جس دوران شام میں جنگ بندی کی ایک بار پھر کوشش کی جائے گی۔

محکمہٴ خارجہ نے کہا ہے کہ اُن کی بات چیت ’’تشدد میں کمی لانے، شامی عوام کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد کو وسعت دینے اور خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے درکار سیاسی حل کی جانب بڑھنے پر دھیان مرکوز رکھا جائے گا‘‘۔

گذشتہ دو ہفتوں کے دوران، کیری اور لاوروف کے درمیان جنیوا میں اور چین میں ’جی 20‘ سربراہ اجلاس کے موقعے پر متعدد بار ملاقات ہوئی۔ تاہم، شام میں مخاصمانہ کارروائیاں بند کرانے پر سمجھوتا طے کرنے میں ناکامی ہوئی۔

امریکی اہل کاروں کا کہنا ہے کہ یہ بات چیت ’’تکینیکی معاملات‘‘ پر الجھی ہوئی ہیں۔

امریکی سفارت کارووں نے ’وائس آف امریکہ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے روسی ہم منصبوں کے بارے میں مایوسی کا اظہار کیا ہے، جن پر اُنھوں نے الزام لگایا کہ حالیہ دِنوں کے دوران اُنھوں نے سمجھوتے کے چند کلیدی نکتوں پر اپنا مؤقف تبدیل کرلیا ہے۔

کیری نے کہا ہے کہ وہ کوئی کمزور سمجھوتا نہیں چاہتے، لیکن روسیوں کے ساتھ حقیقت پر مبنی سمجھوتے کے خواہاں ہیں۔

روس حکومت شام کا مضبوط اتحادی ہے، وہ شام کی جانب سے متعدد باغی گروپوں کے ساتھ لڑائی میں اس کا ساتھ دے رہا ہے جن میں معتدل اور مذہبی انتہا پسند شامل ہیں، جو اسد حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔