شام میں ڈچ طیاروں کی پہلی مرتبہ داعش کے ٹھکانوں پر بمباری

Bombing in Syria

Bombing in Syria

دی ہیگ / انقرہ (جیوڈیسک) شام میں داعش کیخلاف امریکی اتحاد میں ہالینڈ بھی شامل ہو گیا اور گزشتہ روز پہلی مرتبہ ہالینڈ کے جنگی طیاروں ایف 16 نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔

شہر دی ہیگ میں ڈچ وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا اور فرانس کی درخواست پر ڈچ ایف 16 طیاروں نے پہلی مرتبہ شام اور عراق میں 10 مشنز میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس میں دہشت گرد تنظیم کے اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ دوسری طرف شام کی سرحد کے اندر کرد علاقے پر ترکی کی بری فوج نے اپنے توپ خانے سے کردوں پر گولہ باری تیسرے روز بھی جاری رکھی۔

اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر ایک اعلیٰ ترک اہلکار نے کہا کہ 5 سالہ شامی خانہ جنگی کے خاتمے کا واحد حل زمینی کارروائی ہی ہے۔ دریں اثنا شام کے صدر بشارالاسد کے ایک حامی جنرل بہجت سلیمان نے اپنے فیس بک پر جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ صرف 10 ہزار شامی کمانڈوز رات کی تاریکی میں ریاض میں اتریں گے جو شاہی محلات پرقبضہ کرلیں گے۔