شام : داعش کے بارودی پلانٹ میں دھماکا، 25 جنگجو ہلاک

Syria

Syria

دمشق (جیوڈیسک) شام کے مشرقی صوبے دیرالزور میں سخت گیر جنگجو گروپ دولت اسلامی عراق و شام (داعش ) کے زیر انتظام بارود تیار کرنے والے ایک پلانٹ میں زوردار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں پچیس جنگجو ہلاک ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ دھماکا حادثاتی طور پر ہوا ہے یا کسی میزائل حملے کا نتیجہ ہے ۔ دیرالزور کے قصبے آل مئادین میں بارود کی ایک فیکٹری میں زوردار دھماکا ہوا تھا اور اس کے بعد متعدد چھوٹے بم دھماکے ہوئے تھے جس سے پورا قصبہ ہی لرز اٹھا۔

ان دھماکوں میں داعش کے پچیس جنگجو مارے گئے ہیں اور بیس زخمی ہوگئے ہیں۔صوبہ دیرالزور کی سرحد عراق کے ساتھ ملتی ہے۔

داعش کے جنگجوئوں نے گذشتہ سال جون سے اس صوبے کے بیشتر حصے پر قبضہ کر کے وہاں اپنی حکومت قائم کر رکھی ہے تاہم صوبائی دارالحکومت دیرالزور کے بعض حصوں اور صوبے کے تزویراتی اور جغرافیائی لحاظ سے بعض غیر اہم علاقوں پر شامی فوج کا کنٹرول برقرار ہے۔