شامی حکومت کی داعش کے زیر کنٹرول علاقوں میں فضائی کارروائی، 43 افراد ہلاک

Syrian Government  Air Strikes

Syrian Government Air Strikes

پیلمائرا / ادلب (جیوڈیسک) شام میں داعش کے زیر کنٹرول دو شہروں پر سرکاری فوج کی بمباری کے نتیجے میں 43 افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق شام کی سرکاری فوج نے داعش کے زیر کنٹرول تاریخی شہر پیلمائرا میں داعش کے مشتبہ ٹھکانوں پر 25 سے زائد فضائی حملے کئے جس کے نتیجے میں کم از کم 43 افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں داعش کے 12 جنگجو بھی شامل ہیں۔

شام کی سرکاری فضائیہ نے شدت پسند گروہوں کے اتحاد جیش الفتح کے اہم مرکزادلب میں بھی کارروائی کی ہے جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والوں کی شناخت کے بارے میں اب تک تصدیق نہیں ہوئی۔ شام میں انسانی حقوق سے متعلق معاملات کا جائزہ لینے والی غیر سرکاری تنظیم سیرین اوبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے اسلحے کی فراہمی میں تیزی آنے کے بعد گزشتہ چند روز میں بشار الاسد حکومت نے داعش کے زیر کنٹرول علاقوں میں فضائی حملے تیز کر دیے ہیں۔

دوسری جانب امریکا کا کہنا ہے کہ صدر بشار الاسد کو کئی علاقوں میں باغی گرہوں کے سامنے پسپائی کا سامنا ہے۔ جس کے بعد روس شام میں اپنی فوجی موجودگی قائم کررہا ہے۔ واضح رہے کہ پیلمائرا پر داعش کے قبضے کے بعد سے یہاں موجود کئی اہم نوادرات تباہ کردی ہیں جن میں دو قدیم معبد اور تین مینار شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم یونیسکو نے اس شہر کی مرحلہ وار تباہی کو ’جنگی جرائم‘ قرار دیا ہے۔