شام میں اتحادی افواج کی فضائی کارروائی، 3 شامی فوجی ہلاک اور 13 زخمی

Jet Plane Attack

Jet Plane Attack

دمشق (جیوڈیسک) شام کے شہر ایاش میں امریکا کی سربراہی میں اتحادی افواج کی بمباری سے شام کے 3 سرکاری فوجی ہلاک جب کہ 13 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے انسانی حقوق کی تنظیموں کے حوالے سے کہا ہے کہ شام میں داعش کے خلاف کارروائی کرنے والے اتحادی ممالک نے صوبہ دیر الزور کے شہر ایاش میں بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

شام کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کی فضائیہ کے 4 طیاروں نے فوجی کیمپ پر 9 میزائل داغے، جس کے نتیجے میں 3 فوجی ہلاک جب کہ 13 زخمی ہوئے۔ حملے میں 4 فوجی گاڑیاں اور اسلحہ ڈپو بھی تباہ ہوا۔ شام کی حکومت امریکا اور اس کے اتحادیوں کے اس عمل کی شدید مذمت کرتی ہے، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر شام کی حکومت اقوام متحدہ سے رجوع کرے گی۔

دوسری جانب امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اتحادی ممالک کے طیاروں نے دیر الزور میں 4 فضائی حملے کئے تھے جن میں تیل کے کنووں کو نشانہ بنایا گیا تھا، کارروائی میں کسی فوجی گاڑی اور کیمپ پر حملہ نہیں ہوا تاہم اتحادی ممالک شامی حکومت کے الزام پر سنجیدگی سے غور اور تفتیش کریں گے۔