دوسرا ٹی ٹونٹی: ولیمسن اور گپٹل کی ورلڈ ریکارڈ پارٹنرشپ، نیوزی لینڈ کو فتح دلا دی

New Zealand and Pakistan

New Zealand and Pakistan

ہیملٹن (جیوڈیسک) سیڈن پارک میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ کپتان کین ولیمسن اور مارٹن گپٹل نے دھواں دار بیٹنگ سے پاکستانی بولرز کے چھکے چھڑا دیئے اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

کوئی بھی پاکستانی بولر اس پارٹنر شپ کو توڑنے میں ناکام رہا۔ کیوی کپتان کین ولیمسن نے گیارہ چوکوں کی مدد سے 72 جبکہ مارٹن گپٹل 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے87 رنز کی یادگار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹٓاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستانی ٹیم کا سکور ابھی 29 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ احمد شہزاد ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

اییڈرسن کی گیند پر ولیمسن نے ان کا کیچ لیا۔ احمد شہزاد صرف 9 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد محمد حفیظ بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور کیوی بولر کا شکار بن گئے۔ سینٹنر کی گیند پر ایسل نے ان کا کیچ لیا۔ محمد حفیظ نے 19 رنز بنائے۔ پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی صہیب مقصود تھے جنہوں نے بھی اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوائی۔ ایلیٹ کی گیند پر سینٹنر نے ان کا کیچ لیا۔

صہیب مقصود نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد شعیب ملک اور عمر اکمل نے جاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے سکور کو 130 رنز تک پہنچایا۔ تاہم میچ کے 17ویں اوور میں میک کلنگن نے شعیب ملک کو بولڈ کر دیا۔ شعیب ملک نے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد کپتان بوم بوم آفریدی نے آتے ہی پہلی گیند پر چھکا جڑ دیا لیکن اسے اگلی ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عماد وسیم تھے جنہوں نے صرف 8 رنز بنائے۔ میک کلنگن کی گیند پر مِلنی نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔ 163 کے سکور پر پاکستان کی ساتویں وکٹ گری جب وکٹ کیپر سرفراز احمد صرف ایک وکر بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ عمر اکمل نے چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی یادگار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے تھے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میک کلنگن نے 2 جبکہ سینٹنر، مِلنی، اینڈرسن اور ایلیٹ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم نے آکلینڈ میں سولہ رنز سے کامیابی سمیٹ کر سیریز میں فاتحانہ آغاز کیا تھا۔ تین میچز کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہو گئی ہے۔