ٹانک: اشتہاری ڈاکوؤں سے مقابلہ 3 پولیس اہلکار شہید

Tank

Tank

ٹانک (جیوڈیسک) اشتہاری ڈاکوؤں سے مقابلہ میں تین پولیس اہلکار شہید اور ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 اشتہاری ڈاکو بھی مارے گئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹانک رسول شاہ کے مطابق ٹانک کے نواحی علاقہ عمراڈہ کے قریب اشتہاری بخت جمال کے ساتھ مقابلہ اس وقت ہوا جب پولیس نے اغوا، ڈکیتی اور قتل میں مطلوب بخت جمال کی گرفتاری کی کوشش کی۔

پولیس کو دیکھ کر اشتہاری ڈاکو اور اس کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی ،جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے ۔زخمیوں میں ایس ایچ او عمر اڈہ شامل ہیں ۔دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ڈسٹرکٹ اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان بھیج دیا گیا۔

پولیس کی فائرنگ سے دو اشتہاری بھی مارے گئے ۔ ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لئے پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔