ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں تسلسل افسوسناک ہے ،مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی: جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے ایم کیوایم کے رہنماء رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملہ اور ٹارگٹ کلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جاری آپریشن کے باوجود ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ افسوسناک ہے ،ایم کیوایم کے رہنماء رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں، حملہ کراچی کے امن کو برباد کرنے کی منظم سازش ہے۔

جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری مذمتی بیان میں مفتی محمدنعیم نے کہاکہ پاک چین راہ داری معاہدوں کے بعد دشمن طاقتیں وطن عزیز کو غیر مستحکم کرنے میں مصروف ہیں گزشتہ روز اٹک میں وزیرداخلہ پنجاب کو نشانہ بناگیا آج شہر قائد میں رکن اسمبلی کو نشانہ بنایاگیا جو کہ قابل افسوس اور لمحہ فکریہ ہے،انہوںنے کہاکہ واقعات کے تسلسل سے ایسا لگتاہے کہ ملک دشمن عناصر پھر سے ملکی امن کو سپوتاژ کرنے میں مصروف ہوچکے ہیں یہی وجہ ہے کہ گزشہ گزشتہ چند روز میںکراچی کے اندر 10سے زائد افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایاگیا۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گرد اور ٹارگٹ کلر ز کی گرفتاریوں کے باوجود پھر سے ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ لمحہ فکریہ ہے ، انہوںنے کہاکہ رینجرز کی محنت سے شہر میں امن قائم ہوتا ہوا نظر آرہاہے ، رینجرز کا کردار اہم اور قابل تحسین ہے اور رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملہ اور ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ شہر کے امن کو برباد کرنے کی منظم سازش ہے جس کو پوری قوم متحد ہوکر ناکام بنائے گی ،انہوںنے کہاکہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ،مفتی محمد نعیم نے مطالبہ کیاہے کہ کراچی آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے اور امن دشمن عناصر کے خلاف سخت کاروائی کرکے کیفر کردار تک پہچایا جائے۔