ٹیکسلا میونسپل کمیٹی میں خواتین، یوتھ، کسان، اور اقلیت کی نشستوں پر انتخابات کا میدان آج سجے گا

Taxila

Taxila

ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی /تحصیل رپورٹر) ٹیکسلا میونسپل کمیٹی میں خواتین ، یوتھ، کسان ، اور اقلیت کی مخصوص نشستوں پر انتخابات کے لئے میدان آج سجے گا،خواتین کے سات امیدوارو ںسمیت سولہ امیدوار کامیابی کے لئے پنجہ آزمائی کریں گے،پولنگ صبح نو بجے سے لیکے شام چار بجے تک جاری رہے گی،ٹیکسلا میونسپل کمیٹی کے ممبران میں مسلم لیگ ن کی عددی برتری کی توقع،ریٹرننگ آفیسر کے فرائض اسسٹنٹ کمشنر ٹیکسلا شاہد عمران مارتھ سر انجام دیں گے،جبکہ پریذائنڈنگ آفیسر کی خدمات ٹاون آفیسر پی اینڈ سی فریحہ امین سر انجام دیں گی،خواتین کی پانچ نشستوں پر انتخابات کے لئے سات خواتین امیدوار ،کسان کی ایک نشست کے لئے چار امیدوار،یوتھ کی ایک نشست کے لئے تین امیدوار۔

جبکہ اقلیت کی ایک نشست کے لئے دو امیدوار انتخابی دنگل میں شریک ہونگے،تفصیلات کے مطابق ٹیکسلا میونسپل کمیٹی کے بائیس وارڈز میں مخصوص نشستوں پر انتخابات آج بروز جمعرات 17 نومبر 2016 کوہونگے،مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے درمیان مقابلہ ہوگا، تین آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں،مخصوص نشستوں پر انتخابات کے لئے کل بیس امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن میں سے چار امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے،کل سولہ امیدوار میدان میں ہیں،خواتین کی پانچ مخصوص نشستوں پر سات خواتین جن میں تین مسلم لیگ اور چار پی ٹی آئی کی خواتین شامل ہیںکے درمیان مقابلہ ہوگا،اسی طرح کسان کی ایک مخصوص نشست کے لئے چار امیدوار جن میں ایک مسلم لیگ ن ایک پی ٹی آئی جبکہ دو آزاد امیدوار مقابلہ کریں گے،یوتھ کی ایک مخصوص نشست کے لئے تین امیدوار جن میں مسلم لیگ ن کا ایک ، پی ٹی آئی کا ایک جبکہ ایک آزاد امیدوار مقابلہ کی دوڑ میں شامل ہونگے۔

اسی طرح اقلیت کی ایک مخصوص نشست کے لئے مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کے مابین ون ٹو ون مقابلہ ہوگا،یاد رہے کہ ٹیکسلا میونسپل کمیٹی کے بائیس وارڈز میں مسلم لیگ ن کے ممبران کی تعداد بارہ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ممبران کی تعداد دس ہے،متوقع نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن چھ مخصوص نشستیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف دو مخصوص نشستیں حاصل کر پائے گی،جس کے بعد مسلم لیگ کی کل نشستیں اٹھارہ جبکہ پی ٹی آئی کی کل نشستیں بارہ ہوجائیں گی،اس طرح ٹیکسلا میونسپل کمیٹی میں مسلم لیگ ن واضح برتری کے ساتھ آگے ہوگی ، جس کا اثر آمدہ چئیرمین کے الیکشن پر اثر انداز ہوگا،سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق ٹیکسلا میونسپل کمیٹی کے بائیس وارڈوں میں مخصوص نشستو ں پر ہونے والے الیکشن چئیر مین کے الیکشن سے زیادہ اہمیت کے حامل تصور کئے جارہے ہیں۔