ٹڈاپ اسکینڈل، یوسف رضا گیلانی اور دیگر کیخلاف سماعت 25 اگست تک ملتوی

Yousuf Raza Gilani

Yousuf Raza Gilani

کراچی (جیوڈیسک) وفاقی اینٹی کرپشن عدالت کراچی نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور دیگر کے خلاف ٹڈاپ اسکینڈل کی سماعت 25 اگست تک ملتوی کر دی ، یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نیشنل ایکشن پلان اور اس پر عمل درآمد کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔

وفاقی اینٹی کرپشن عدالت میں ٹڈاپ اسکینڈل کی سماعت ہو ئی ۔ سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی مقدمہ میں گرفتار یوسف رضا گیلانی کے فرنٹ مین فیصل صدیق جبکہ نامزد ملزمان عابد، جاوید انور خان، عدنان زمان، اور دیگر بھی عدالت میں موجود تھے ۔ عدالت نے سرکاری وکیل کی عدم موجودگی کے باعث سماعت 25 اگست تک ملتوی کر دی ۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ سندھ میں رینجزز اختیارات کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ معاملات دیکھ رہے ہیں ، پیپلز پارٹی نیشنل ایکشن پلان بنانے اور اسکے عمل درآمد کی حامی ہے ۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور رہنی بھی چاہیے ۔

یوسف رضا گیلانی نے چیف جسٹس کو بیٹے کی بازیابی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا میں بھی اس کرب سے گزرا ہوں ، چیف جسٹس خوش نصیب ہیں کہ ان کا بیٹا ایک ماہ میں مل گیا ۔