ٹیکنیکل ایجوکیشن ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ عبدالستار مرزا

Gujrat

Gujrat

گجرات : ٹیکنیکل ایجوکیشن ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور ٹیکنیکل ایجوکیشن فراہم کرنے والے ادارے بہت بڑا جہاد کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر گجرات پریس کلب عبدالستار مرزا نے گزشتہ روز فاران ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ گجرات کیمپس میں الیکٹریکل پاور لیب کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن میں عملی تربیت بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اور عملی تربیت کی طرف ہمیں توجہ دینی چاہئے سیکھنے کا عمل ساری عمر جاری ررہتا ہے۔ ہمیں چاہئے کہا خود بھی سیکھیں اور اپنے سے چھوٹوں کو بھی سکھائیں۔ آج کے نوجوان قوم کا مستقبل ہیں۔

ہمیں چاہئے کہ اچھے طریقے سے پڑھ لکھ کر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ گجرات پریس کلب نے ہمیشہ اچھے کام کرنے والوں کا ساتھ دیا ہے اور مثبت سرگرمیوں کی کوریج کی ہے۔ مینیجنگ ڈائریکٹر فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹس طارق جاوید چوہدری نے کہا کہ کبھی بھی زندگی میں تنخواہ کو مد نظر نہ رکھیں بلکہ اپنی مہارت میں اضافہ کو اپنا نصب العین بنائیں۔ ہمارے اس تعلیمی ادارے سے فارغ التحصیل طلباء دنیا بھر میں اپنا نام کما رہے ہیں۔ اور یہ لیب طلباء نے خود بنائی ہے۔

ہم نے ٹیکنیکل سپورٹ اور آلات طلباء کو فراہم کئے ہیں جبکہ دیگر سارا کام طلباء نے خود کیا ہے اور فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے اس کیمپس کی تمام وائرنگ بھی طلباء نے خود کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ طلباء میں عملی تربیت کا رجحان بڑھے اسی لئے ہم طلباء کی راہنمائی کرتے ہیں تاکہ وہ کچھ سیکھ کر اس ادارے سے جائیں ہمارے طلباء ہی ہمارا اثاثہ ہیں اور ہماری پہچان ہیں۔ ہم طلباء کی راہنمائی کا عمل جاری رکھیں گے۔

پرنسپل میر محمد یونس نے کہا کہ فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے ان تعلیمی ادارے میں سے ہے جو ہمیشہ طلباء کی بہتری کیلئے کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسی انداز میں ہمیشہ کام کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر وائس پرنسپل محمد اشرف’ وقار چوہدری’ زعیم شہزاد’ عامر فاروق’ سید ارشد شاہ و ‘ ڈاکٹر رزاق احمد غفاری بھی موجود تھے۔