دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کے عوام کی بحالی اور فلاح وبہبود کے لیے وانا میں ایک آئی کیمپ

Wana free Eye Camp

Wana free Eye Camp

ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی سے) ایڈو ہسپتال واہ کینٹ نے پی او ایف انتظامیہ کے تعاون سے دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کے عوام کی بحالی اور فلاح وبہبود کے لیے وانا میں ایک فری آئی کیمپ کا اہتمام کیا جس میں آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر ، پیرا میڈیکل سٹاف اور تنظیمی عہدیداران نے حصہ لیا۔ اس کیمپ کے دوران 850مریضوں کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا اور مریضوں میں مفت ادویات اور نظر کی عینکیں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر88مریضوں میں موتیہ کی تشخیص ہوئی۔

ایڈو ہسپتال واہ کینٹ میں وانا سے تعلق رکھنے والے مریضوں کے پہلے گروپ کے کامیاب آپریشن ہوئے۔ ڈی ایس جی بٹالین واہ کینٹ میں ان مریضوں کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات، ہلال امتیاز (ملٹری) چیئرمین پی او ایف بورڈ مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر چیئرمین پی او ایف بورڈ نے وانا کے ان مریضوں میں تحائف تقسیم کیے اور ایڈو ہسپتال کی اس کاوش کو زبردست سراہتے ہوئے کہا کہ ایڈو کا جنوبی وزیرستان جا کرآئی کیمپ کا انعقاد واہ کینٹ اور پی او ایف کے لیے قابل فخر بات ہے۔

چیئرمین پی او ایف بورڈ نے مزید کہا کہ وزیرستان کے عوام سچے پاکستانی ہیں آپ کے آبائو اجداد نے اس ملک کی بقا کے لیے بے مثال قربانیاں دیں ۔پاکستان کی عوام اور مسلح افواج آپ کی ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور آئندہ بھی آپ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھر پور کوششیں جاری رہیں گی۔ ایڈو کے صدر سید عبد اللہ مسعود نے کیمپ کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سیکورٹی بریگیڈیرء اللہ نواز، ڈائریکٹر ایڈمن بریگیڈیئر ذکی رحمان میر بھی موجود تھے۔