دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وفاق اور چاروں صوبوں کو مل کر کام کرنا ہو گا، شہبازشریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب تک دہشت گردی کو شکست فاش نہیں دیں گے اس وقت تک ملک امن کا گہوارہ نہیں بن سکتا اوراس کے خاتمے کے لئے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

کراچی میں میڈیا کے نمائندوں بات کرے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران بے پناہ کامیابیاں حاصل ہوئیں لیکن دہشت گردی کو صرف گولیوں سے ہی ختم نہیں کیا جاسکتا اس کے لئے قلم کی گولی، روزگار کی گولی اور غربت کے خاتمے کی گولی بھی چلانا ہوگی۔

جب تک دہشت گردی کو شکست فاش نہیں دیں گے اس وقت تک ملک امن کا گہوارہ نہیں بن سکتا اس کے لئے وفاقی حکومت اورصوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی ترقی ہی پاکستان کی اصل ترقی ہے جب کہ اسلام آباد راولپنڈی میٹرو بس منصوبہ پورے پاکستان کا ہے جس کے افتتاح کے لئے گورنر ڈاکٹرعشرت العباد اور وزیراعلی سید قائم علی شاہ کو دعوت دی ہے۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں کیا کیا، جوکوئی بات عمران خان کے دماغ میں ڈال دیتا ہے وہ بول دیتے ہیں، خیبرپختونخوا میں دوبارہ بلدیاتی انتخابات کی بات بھی عمران خان ک دماغ میں کسی اورنے ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں سے مشاورت کے بعداین ایف سی ایوارڈ میں ایک سال کی توسیع کردی ہے جب کہ چین پاکستان میں توانائی منصوبوں پر سرمایہ کاری کررہا ہے جس سے ملک میں خوشحالی آئے گی۔