دہشت گردی بین الاقوامی نظریہ ہے اس کا کسی ملک اور مذہب سے تعلق نہیں، سربراہ پاک فوج

General Raheel Sharif

General Raheel Sharif

راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی ملک اور مذہب نہیں اس لئے پاکستان انسانیت کی بہتری کےلئے اپنے تجربات سے دنیا کو مستفید کرنے کے لئے تیار ہے۔

پاک کے فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پبی کے نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم ٹریننگ سینٹر میں پاکستان ، سری لنکا اور مالدیپ کی مشترکہ فوجی مشقوں کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی نظریہ ہے۔ دہشت گردوں کا کوئی ملک اور مذہب نہیں۔ پاکستان ایک دہائی سے دہشت گردی کے مسئلے کا شکار ہے۔ اس جنگ میں عوام اور سیکیورٹی فورسز نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ قوم کے اتحاد اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحتیوں کے ذریعے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی شاندار کامیابیوں کے بعد کئی دوست ممالک نے بھی اپنے فوجیوں کی تربیت کی درخواست کی ہے ۔ انسانیت کی بہتری کے لیئے پاکستان اپنے تجربات سے دنیا کے تمام ممالک کو مستفید کرنے لئے ہر وقت تیار ہے ۔ یہ مشقیں خطے میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے کارآمد ثابت ہوں گی اور سری لنکا اور مالدیپ سے تعلقات میں اضافے کا سبب بنیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج سعودی عرب ، بحرین ، چین اور اردن کے ساتھ بھی مشقیں کرچکی ہے جب کہ ان مشقوں میں پاکستان سری لنکا اور مالدیپ ایگل ڈیش ون کے نام سے مصروف ہیں اور ایک ہفتے تک جاری رہنے والی مشقوں کا مقصد انسداد دہشت گردی کے تجربات کا تبادلہ ہے۔