دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔ مارک ٹونر

Mark Toner

Mark Toner

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی بری افواج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے دہشت گردی کے حوالے سے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

امریکی دفترِ خارجہ میں بدھ کو معمول کی بریفنگ کے دوران نائب ترجمان مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ وہ جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی وجہ سے ناقابلِ تلافی نقصان اٹھا چکا ہے۔ امریکی دفترِ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات امریکہ کے وسیع تر مفاد میں ہیں۔

امریکی کانگریس کی ایک کمیٹی کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی ہر طرح کی امداد کو مکمل طور پر ختم کرنے کے مطالبے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ اس سے اتفاق نہیں کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ امریکی کانگریس کی ایک کمیٹی نے پاکستان کو دی جانے والی ہر طرح کی امداد کو مکمل طور پر ختم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈیا نے مل کر مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہے۔