دہشت گردی سے نجات کیلئے پوری قوم متحد ہے، مفتی محمد نعیم

Mufti Muhammad Naeem

Mufti Muhammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس و شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے جنرل حمید گل کی وفات ،اور وزیر داخلہ پنجاب سمیت 19افراد کی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور اٹک بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جنرل حمید گل کا انتقال اپر پوری امت مسلمہ مغموم ہے، وہ عالم اسلام کے لیڈرتھے ملک وملت کیلئے گراں قدر خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،اٹک بم دھماکے میں قیمتی جانوں کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

دہشت گردی سے نجات کیلئے پوری قوم متحدہے ،دہشت گردی کی مذموم کاروائیاں قوم کے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتی ،پیر کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں جنرل حمید گل اور شجاع خانزادہ کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی گئی جس میں مرحومین کی مغفرت اور ملکی استحکام وترقی کیلئے خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد نعیم نے کہاکہ عالمی سطح پر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے سازشیں کی جارہی ہیںدہشت گردی کے خلاف کاروائیوں کے باوجود اٹک میں دہشت گردی کا اتنا بڑا واقعہ افسوسناک اور لمحہ فکریہ ہے دہشت گردی میں بیرونی ایجنسیز ملوث ہیں جو منظم منصوبہ بندی کے تحت پاک چین راہ داری معاہدوں کی تکمیل میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہیں، انہوںنے کہاکہ اٹک کا واقعہ قوم کے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتا قوم متحد ہے اور دہشت گردی سے پاک پاکستان چاہتی ہے، انہوں نے کہاکہ جنرل حمید گل عظیم جنرل تھے جن کی ملک وملت کیلئے گراں قدر خدمات ہیں جنہیں نذرانداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔

ایک ہی دن میں دو محب وطن شخصیات سے ہم محروم ہوگئے جس پر جتنا بھی افسوس کیا جائے کم اللہ تعالیٰ جنرل حمید گل اورسانحہ اٹک میں جاں بحق وزیر داخلہ شجاع خانزادہ دیگر 19افراد کے لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے اور مرحومین کو اخرت کی کامیابی سے ہمکنار کرے، (آمین) مفتی محمد نعیم نے مزید کہاکہ پاک چین راہ داری معاہدوں کے بعد دشمن طاقتیں وطن عزیز کو غیر مستحکم کرنے میں مصروف ہیں ، انہوںنے کہاکہ شہر قائد میں ایک بار پھر ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع ہوتا دیکھائی دے رہاہے اس لیے حکومت فی الفور کاروائی عمل میں لائے بلاتفریق رنگ ونسل وسیاست کے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کریں۔مفتی محمد نعیم نے مزید کہاکہ عالمی سطح پرملک کو دہشت گردی کی نام نہاد جنگ میں دھکیلا گیاہے دشمن عناصر بلوچستان وسرحدسمیت ملک بھر میں دہشتگردی کے واقعات میں مصروف ہیں ، وطن عزیز کا ازلی دشمن بھارت وطن عزیز میں دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث ہے دہشتگردی میں بیرونی ہاتھ کو نذرانداز نہیں کیاجاسکتاہے، دشمنوں کو مذموم مقاصد میں ناکام بنانے کیلئے پوری قوم کو اتحاد ویکجہتی کی فضاء قائم رکھنی ہوگی باہم اتحاد واتفاق کے ذریعے دشمنوں کو مذموم مقاصد میں ناکام بنانا ہو گا۔