دہشت گرد کارروائیوں میں اضافے کی وجہ گوانتاناموبے جیل بھی ہے، اوباما

Obama

Obama

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر براک اوباما کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کارروائیوں میں اضافے کی وجہ گوانتاناموبے کا عقوبت خانہ بھی ہے جسے ہر حال میں بند ہونا چاہیئے۔

امریکی صدر کا اپنے ہفتہ وار خطاب میں کہنا تھا کہ میرا اندازہ ہے کہ آئندہ برس کے آغاز میں گوانتانا موبے میں قید افراد کی تعداد 100 سے بھی کم ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گوانتانا موبے جیل کی وجہ سے دہشت گرد کارروائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، کانگریس کو بدنام زمانہ جیل بند کرنے کے حوالے سے ایک پلان پیش کروں گا، اگر کانگریس نے اس پلان کو مسترد کیا تو پھر اپنے خصوصی صدارتی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اس جیل کو بند کر سکتا ہوں۔

براک اوباما کا کہنا تھا کہ پورا یقین ہے کہ ہم داعش کو شکست دے دیں گے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ شام میں خانہ جنگی بند ہو، بشارالاسد شام میں ایک مسئلے کی شکل اختیار کر گیا ہے کیونکہ شام میں اکثریت بشار الاسد کو صدر نہیں دیکھنا چاہتی، شام میں جاری خون ریزی روکنے کے لئے بشارالاسد کو ہر صورت جانا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت شام کی صورتحال لیبیا کی طرح ہوچکی ہے جس کا سیاسی حل نکالنے کے لئے جان کیری ان تھک کوشش کررہے ہیں، سوشل میڈیا پر جاری داعش کے پروپیگنڈے کو مانیٹر کرنے کے لئے نظام کو مزید سخت کیا جائے گا۔