دہشتگرد یہ بھول جائیں کہ بلوچستان ان کیلئے محفوظ جگہ ہے، سرفراز بگٹی

Sarfraz Bugti

Sarfraz Bugti

کوئٹہ (جیوڈیسک) وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اب دہشتگردوں کو یہ بھول جانا چاہئے کہ بلوچستان ان کے لیے محفوظ جگہ ہے، انجانے میں بھٹکے لوگ ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہوجائیں اسی میں انکی بہتری ہے۔

وزیرداخلہ بلوچستان یہ بات میڈیا سے گفتگو میں کہی اور بتایا کہ وزیرستان میں دہشتگردوں کی کمین گاہوں کی تباہی کے بعد دہشتگرد پاک افغان سرحد پر ٹھکانے قائم کرکے کوئٹہ اور افغانستان لاجسٹک اور سفری سہولیات کی رسائی کے لیے سرگرم تھے، تاہم انٹر سروسز انٹیلی جنس نے قبل ازوقت دہشتگردوں کی آماجگاہ کا سراغ لگا لیا اور بلوچستان کے علاقے چاغی میں کامیاب کارروائی کرکے ملک دشمن عناصر کی منظم منصوبہ بندی کو ناکام بنا دیا۔

میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ ’پرامن بلوچستان پیکج‘ صوبے میں امن کے لیے اٹھائے جانے والے ان اقدامات میں معاون ثابت ہوگا، جس کے سبب صوبے میں تخریب کاری، ٹارگٹ کلنگ اور جرائم کی صورتحال میں نمایاں کمی آئی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی ہے قومی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور ریاست کے خلاف کھڑا ہونے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔