دہشت گردوں و جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کئے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا: ثروت اعجاز قادری

Sarwat Ejaz Qadri

Sarwat Ejaz Qadri

لاہور (جیوڈیسک) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام میں خوف کی فضاء ختم کرنے کیلئے اقدامات تیزکئے جائیں، دہشتگردوں وجرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کئے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا، پاکستان کی اسلامی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگے۔

پاکستان سورہ رحمن کی تشریح اور ہمارے لئے عظیم نعمت ہے اس نعمت کا تحفظ اپنی جانوں کی قربانیاں دیکر کرینگے ،تمام مذہبی وسیاسی جماعتیں پاکستان کے استحکام اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ،مہنگائی بے روزگاری کا خاتمہ اور عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام جماعتوں کو یکجا ہوکر جدوجہد کرنا ہو گی۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بجلی ،گیس اور بنیادی مسائل سے پریشان مظلوم غریب عوام مسائل کے حل کیلئے حکومت اور سیاسی ومذہبی جماعتوں سے آس لگائے ہوئے ہیں ،غریب عوام کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل نہ کیا گیا تو ان میں احساس محرومی جنم لے گاجو کسی طور بھی ملک و جمہوریت کے مفاد میں نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عظیم مفاد میں اختلافات کو بالائے طاق رکھ کرتعمیری سوچ استوار کرنی ہو گی ،غربت کے خاتمے کیلئے حکومتی اقدامات نہ ہونے کے مترادف ہیں۔