دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرنے تک آپریشن جاری رہے گا: آرمی چیف

Raheel Sharif

Raheel Sharif

راولپنڈی (جیوڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا اور پورا دن جوانوں اور قبائلی عمائدین کے درمیان گزارا۔

آرمی چیف کو جاری آپریشن ضرب عضب، نقل مکانی کرنے والوں کی گھروں کو واپسی اور متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو بتایا گیا کہ آپریشن ضرب عضب کے آخری مرحلے میں شمالی وزیرستان کے دوردراز علاقوں کو کلیئر کرایا جا رہا ہے اور اب تک ساڑھے چھ سو مربع کلومیٹر علاقہ کلیئر کرایا جا چکا ہے۔

آرمی چیف نے شوال میں جاری آپریشن کے آخری مرحلے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پورے ملک سے دہشت گردی، انتہا پسندی اور دہشتگردوں کے ٹھکانے ختم ہونے تک آپریشن جاری رہے گا۔

آرمی چیف نے سخت موسم اور مشکل گزار گھاٹیوں کے باوجود آپریشن میں حصہ لینے پر پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کے حوصلے کی تعریف کی اور شہری علاقوں میں دہشتگردوں کے سلیپنگ سیل ختم کرنے پر انٹیلی جنس ایجنسیز کی کامیابیوں کو بھی سراہا۔

قبائلی عمائدین نے علاقے کی سیکیورٹی صورتحال میں بہتری پر خوشی کا اظہار کیا۔