ایڈیلیڈ ٹیسٹ: آسٹریلیا وائٹ واش سے بچ گیا، پروٹیز کو 7 وکٹوں سے شکست

Adelaide Test

Adelaide Test

ایڈیلیڈ (جیوڈیسک) آسٹریلوی ٹیم نے ہوم سیریز میں خود کو پہلی مرتبہ وائٹ واش سے بچاتے ہوئے جنوبی افریقا کے خلاف تیسرا ٹیسٹ 7 وکٹوں سے جیت لیا ہے۔ اس سے قبل دونوں ٹیسٹ میچوں میں فتح جنوبی افریقا کا مقدر بنی تھی۔

دوسری اننگز میں پروٹیز بلے باز صرف 250 رنز بنا سکے تھے۔ آسٹریلیا نے ڈے اینڈ ٹیسٹ کے چوتھے دن 127 رنز کا ٹارگٹ صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے فتح حاصل کی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 47 اور سٹیو سمتھ نے 40 رنز بنائے جبکہ میٹ رینشا 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

خیال رہے کہ رواں سال ستمبر کے بعد سے آسٹریلیا کی تینوں فارمیٹس میں یہ پہلی فتح ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقا کے کپتان فف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر تیسرے ٹیسٹ میچ میں پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پروٹیز کی اننگز کی خاص بات کپتان ڈوپلیسی کی شاندار سینچری تھی۔

انہوں نے 164 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 17 چوکوں کی مدد سے 118 رنز کی اننگز کھیلی۔ تاہم جنوبی افریقا کا کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا نہ دکھا سکا، یوں پروٹیز نے 259 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز ڈکلیئر کر دی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ 4 وکٹیں لے کر پہلی اننگز کے کامیاب گیند باز رہے۔ مچل سٹارک اور جے ایم برڈ کے حصے میں دو، دو اور این ایم لیون نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقا کے 259 رنز کے کا تعاقب کرتے ہوئے کینگرو بلے باز جم کر کھیلے اور پہلی اننگز میں 383 رنز بنائے۔ اس اننگز کی خاص بات عثمان خواجہ کی سینچری تھی۔ انہوں نے 308 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 12 چوکوں کی مدد سے 145 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں سٹیو سمتھ 59، ہینڈزکومب 54 اور سٹارک 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

آسٹریلوی ٹیم کے 124 رنز کی برتری کے جواب میں پروٹیز میدان میں اترے، تاہم سٹیفن کک اور ہاشم آملہ کے علاوہ کوئی اور بلے باز کارکردگی نہ دکھا سکا۔ سٹیفن نے 104 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ہاشم آملہ 45 رنز بنا سکے۔ جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 250 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

دوسری اننگز میں مچل سٹارک نے 4، لیون نے 3، اور ہیزل ووڈ نے 2 شکار کئے۔ جے ایم برڈ نے ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔ یوں آسٹریلیا کو جیت کیلئے 127 رنز کا ٹارگٹ ملا جو اس نے صرف 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر پورا کرکے خود کو وائٹ واش کی ہزیمت سے بچا لیا۔