ٹیسٹ رینکنگ : پاکستان کی تیسری پوزیشن خطرے میں پڑ گئی

Pakistan Team

Pakistan Team

دبئی (جیوڈیسک) ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کی تیسری پوزیشن خطرے میں پڑگئی، سری لنکا کیخلاف کلین سویپ سے بھارتی ٹیم جگہ چھین سکتی ہے، اس مقصد کیلیے آسٹریلیا کی انگلینڈ پر آخری ایشز میں فتح بھی درکار ہوگی۔

وائٹ واش کی صورت میں ویرات کوہلی الیون کو ساتویں نمبر کی خفت سے دوچار ہونا پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا اور بھارت کے درمیان تین ٹیسٹ کی سیریز کا آغاز بدھ سے ہورہا ہے،اس کا نتیجہ ٹیسٹ رینکنگ میں کئی ٹیموں کے اتار چڑھائو کا باعث بنے گا،اس وقت ویرات کوہلی الیون 97 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں جبکہ میزبان ٹیم 92 پوائنٹس کیساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔

اگر بھارتی ٹیم یہ سیریز 3-0 سے جیت گئی اور آخری ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلیا انگلینڈ کو مات دے تو پھر بھارت پاکستان سے تیسری پوزیشن چھین لے گا۔ 2-1 سے سیریز میں کامیابی کی صورت میں بھارتی ٹیم کو 3 پوائنٹس ملیں گے۔ کلین سویپ پرسری لنکا کو8 پوائنٹس حاصل اور وہ پانچویں نمبر پر پہنچے گا، بھارت ایشز کے نتیجے سے قطع نظر 89 پوائنٹس کی وجہ سے ساتویں درجے پر چلا جائے گا۔

سری لنکا کی سیریز میں 2-1 سے فتح بھی اسے بھارت سے آگے لے جانے کے لیے کافی ہوگی۔ گذشتہ مرتبہ 2010 میں جب بھارت نے سری لنکا کا ٹور کیا تب سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی، اس بار بھی اگر ایسا ہوا تومیزبان کو صرف ایک پوائنٹ ملے گا جبکہ بھارت کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ اس سیریز کے ابتدائی 2 میچز کھیل کر سری لنکن ماسٹر بیٹسمین کمار سنگاکارا ریٹائر ہوجائیں گے۔