ٹیسٹ رینکنگ: پاکستان کی تیسری پوزیشن کو لاحق خطرہ ٹل گیا

Pakistani Cricket Team

Pakistani Cricket Team

دبئی (جیوڈیسک) ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کی تیسری پوزیشن کو لاحق خطرہ ٹل گیا، سری لنکا کے ہاتھوں گال میں ’بے حال‘ ہونے کے بعد بھارت کا تیسرے نمبر پر قبضہ کرنے کا خواب ادھورا رہ گیا، سری لنکا کے پاس کوہلی الیون کو ساتویں نمبر پر دھکیلنے کا موقع موجود ہے، بیٹنگ رینکنگ میں یونس خان کی ساتویں پوزیشن برقرار ہے۔

بولرز میں یاسر شاہ کا پانچواں نمبر رنگانا ہیراتھ کی نگاہوں میں آگیا، روی چندرن ایشون بھی ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق رینکنگ میں پانچویں نمبر پر موجود بھارت اگر سری لنکا کے خلاف رواں سیریز میں کلین سویپ کرلیتا تو اس کے پاس پاکستان سے تیسری پوزیشن چھیننے کا موقع موجود ہوتا لیکن گال میں حیران کن شکست کے بعد اس نے یہ موقع گنوا دیا ہے، اب اسے ایک طرح سے ساتویں پوزیشن پر تنزلی کا بھی خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔

سری لنکا اگر باقی دونوں میچز جیت لیتا ہے تو پھر اس کو 8 پوائنٹس ملیں گے، اس طرح وہ خود پانچویں نمبر پر آنے اور بھارت کو ساتویں نمبر پر دھکیلنے میں کامیاب ہوجائے گا،گال ٹیسٹ میں 63 رنز کی شاندار کامیابی سری لنکا کے کرکٹرز کے لیے بھی رینکنگ میں خوشی کا پیغام لے کر آئی ہے۔ اس مقابلے میں دنیش چندیمل اور تھارندو کوشل نے بھی رنگاناہیراتھ کی طرح اہم کردار ادا کیا ہے۔

کپتان انجیلو میتھیوز کی ایک درجے ترقی ہوئی مگر انھیں اس پر شاید زیادہ خوشی نہ ہوئی ہو کیونکہ انھوں نے کیریئر کی الوداعی سیریز کھیلنے والے کمارسنگاکارا کو ایک نمبر نیچے چھٹی پوزیشن پر بھیج دیا ہے، تجربہ کار بیٹسمین اب کولمبو میں کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیلیں گے، ویرات کوہلی پہلی اننگز میں 103 رنز بنانے کی بدولت اپنی دسویں پوزیشن کو مزید مستحکم کرچکے ، وہ ڈیوڈ وارنر سے اب 5 پوائنٹس آگے ہیں۔بیٹنگ رینکنگ میں سب سے بڑی چھلانگ سری لنکا کے وکٹ کیپر بیٹسمین چندیمل نے لگائی۔

انھوں نے گال ٹیسٹ میں 59 اور 162 ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر مین آف دی میچ ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا، اب ایک ساتھ 22 درجے ترقی پاکر وہ کیریئر بیسٹ 23 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ کچھ اچھی خبریں بھارتی پلیئرز کے لیے بھی ہیں، شیکھر دھون 15 درجے سیڑھی چڑھ کر کیریئر کی بہترین پوزیشن 32 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انھوں نے گال میں کیریئر کی چوتھی ٹیسٹ سنچری اسکور کی تھی۔