ٹیسٹ کرکٹ میں اسٹیون اسمتھ چھا گئے، 2 برس میں سب سے زیادہ رنز

Steven Smith

Steven Smith

لندن (جیوڈیسک) ٹیسٹ کرکٹ میں گذشتہ 2 برس کے دوران اسٹیون اسمتھ چھائے ہوئے ہیں، وہ اب تک 22 میچز میں 2378 رنز بنا چکے، اس میں 7 ففٹیز اور 10 سنچریاں شامل ہیں، اسمتھ ٹیسٹ تاریخ میں پہلی اننگز میں 97 سے زائد کی اوسط سے رنز بنانے والے ڈان بریڈ مین کے بعد دوسرے بیٹسمین ہیں۔

اسٹیون اسمتھ نے انگلینڈ کے خلاف 1112 رنز بناتے ہوئے انفرادی طور پر کسی بھی ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ اسکورکا اعزاز حاصل کرلیا، وہ بھارت کے خلاف بھی 930 رنز اسکور کر چکے ہیں، یاد رہے کہ اسمتھ نے انگلینڈ کے خلاف جاری لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 215 رنز بنائے تھے،2 سال کے دوران طویل فارمیٹ میں زیادہ رنز بنانے والوں میں آسٹریلیا کے وارنر 2075 دوسرے نمبر پر ہیں۔

انھوں نے 21 میچز میں شرکت کرتے ہوئے 51.87 کی ایوریج سے 2075 رنز بنائے، اس میں 8 ففٹیز اور 9 سنچریاں شامل رہیں، پاکستانی اسٹار یونس خان 2065 رنز تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
انھوں نے اس عرصے میں 19 میچزمیں 68.83 کی اوسط سے 2065 رنز اسکور کیے، مڈل آرڈر بیٹسمین نے9 بار 100کا ہندسہ عبور کیا جبکہ وہ 8 نصف سنچریاں بھی بنانے میں کامیاب ہوئے، انگلش اسٹائلش بیٹسمین جوئے روٹ نے 22 میچز میں 62.75 کی اوسط سے 2008 رنز اسکور کیے۔

سری لنکن لیجنڈ سنگا کارا نے 15 میچز میں 64.96 کی ایوریج سے 1819 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 1814 رنز کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں، کیوی بیٹسمین نے16میچز میں حصہ لیا، سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز اتنے ہی میچز میں 1700 رنز اسکور کرتے ہوئے فہرست میں آٹھویں نمبر پر ہیں۔