شکریہ، زمبابوے کرکٹ ٹیم

Zimbabwe Cricket Team

Zimbabwe Cricket Team

تحریر : ایم ایم علی
زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان میں اپنے دورہ مکمل کرنے کے بعد گزشتہ رات اپنے وطن واپس روانہ ہو گئی۔ زمبابوے نے پاکستان میں 2ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی زمبابوے کی ٹیم اس سیریز میں کوئی میچ تو نہ جیت سکی، البتہ اس نے پاکستان کا دورہ کر کے کڑوڑوں پاکستانیوں کے دل جیت لئے۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم کی آمد سے تقریباً پچھلے 7 سال سے پاکستان کے کھیل کے میدانوں میں چھائی خزاں بہار میں تبدیل ہو گئی اور 7سالوں سے ویران پڑے کر کٹ کے میدان ایک بار پھر آباد ہوگئے، زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان میں کھیل کے میدانوں کیلئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ثابت ہوا۔

اگرچہ دنیائے کرکٹ میں زمبابوے ٹیم اعلی سطحی ٹیم نہیں گردانی جاتی لیکن زمبابوے کرکٹ ٹیم ایک انٹرنیشنل ٹیم ہے اور کئی ورلڈ کپ کھیل چکی ہے، مارچ 2009میں دہشت گردوں کی جانب سے سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستانی کرکٹ کے میدان ایسے ویران ہوئے کہ دوبارہ آباد ہونا ہی بھول گئے مگر زمبابوئے کرکٹ ٹیم کے دورے نے پاکستانی کرکٹ کے میدانوں پہ چھائی ویرانی کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔جب سے سری لنکن ٹیم پر حملہ ہوا تب سے لے کر زمبابوے ٹیم کی آمد سے پہلے تک کسی بھی انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تھا ،اب تو یوں لگنے لگا تھا کہ شاید پاکستان میں دوبارہ انٹرنیشل کرکٹ کی بحالی کیلئے ابھی پاکستانی قوم کو مزید انتظار کرنا پڑے گا ، کیو نکہ جب بھی کوئی ٹیم پاکستان آ کر کھیلنے کا ارادہ ظاہر کرتی پاکستان میں کوئی نہ کوئی دہشت گردانہ کاروائی ہوجاتی اور وہ ٹیم اپنا دورہ منسوخ کر دیتی، لیکن اس بار پاکستانی حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتھک کاوشیں اور کوششیں رنگ لائیں اور زمبابوے حکومت نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر آمادگی ظاہر کر دی۔

زمبابوے کرکٹ ٹیم کے پاکستان میں آکر کھیلنے کے اعلان سے پاکستانی عوام میں خوشی لہر دوڑ گئی،جہاں پاکستانی قوم اس بات پر خوش تھی کہ کوئی انٹرنیشنل ٹیم سات سال بعد پاکستان کا دورکر رہی ہے، وہیں پاکستان کے دشمنوں کو پاکستانی قوم کی یہ خوشی ایک آنکھ نہیں بھارہی تھی اور زمبابوے کرکٹ ٹیم کے پاکستان میں پہنچنے سے دو روز قبل کراچی میں صفورا چورنگی کے مقام پر ایک انتہائی دل خراش واقعہ رونما ہوگیا جہاں دہشت گردوں نے بس میں گھس کر بڑی بے رحمی سے اسماعیلی کمیونٹی کا قتل عام کیا،اس ناخوشگوار واقع کے بعد ایک بار پھر دورہ زمبابوے خطرے میں پڑتا ہوا دکھائی دیااور افوائیں گردش کرنے لگ پڑہیں کہ زمبابوئے کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ منسوخ کر دیا ہے ،جس کے بعد کرکٹ کے چاہنے والوں میں ایک بار پھر مایوسی پھیل گئی۔

Pakistan vs Zimbabwe

Pakistan vs Zimbabwe

ن ان تمام حالات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے زمبابوے کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ برقرار رکھا ان کے اس اقدام نے پاکستانی قوم کے دل جیت لئے اور بالا آخر زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی ،ائر پورٹ پر حکومت اور پی سی بی کی جانب سے زمبابوے کرکٹ ٹیم اور آفیشلز کا بھر پور استقبال کیا گیا ۔پاکستانی قوم زمبابوے کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر انتہائی خوش تھی اور وہ خود معزز مہمان ٹیم کے بھر پور استقبال کر نے کا اردہ رکھتی تھی ،لیکن سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ایسا ممکن نہ تھا کیونکہ دہشت گرد بھیڑ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کوئی بھی مذموم کاروائی کر سکتے تھے۔

زمبابوے کرکٹ ٹیم کی حفاظت کیلئے انتہائی سخت حفاظتی اقدمات کئے گئے تھے اور مہمان کرکٹ ٹیم کوحکومت کی جانب سے بھر پور پروٹوکول دیا گیا گیا جس پر زمبابوے کرکٹ ٹیم بھی کافی خوش دکھائی دی، اور جب پاک زمبابوے کرکٹ سیریز کا آغاز ہوا تو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں عوام کا جم غفیر امڈ آیا سخت گرمی اور انتہائی سخت سیکورٹی اور لمبی قطاروں میں تھکا دینے والے انتظار کے باوجود پاکستانی قوم کا جذبہ دیدنی تھا ان کے چہرے خوشی سے ہشاش بشاش تھے اور اتنی سخت سیکورٹی اور طویل انتظار سے گذر کر بھی پاکستانی قوم کے ماتھے پر بل نہیں پڑابلکہ ان کا موقف تھا کہ یہ سب مہمان ٹیم کی حفاظت کیلئے ضروری ہے ،جذبہ حب الوطنی کے سامنے یہ عارضی مشکلات پاکستانی قوم کے سامنے کوئی معنی نہیں رکھتی تھیں۔

قارین کرام ! میں یہاںیہ بات کہنا ضروری سمجھتا ہوں کہ سیکورٹی کے جتنے انتظام زمبابوے کر کٹ ٹیم کیلئے اب کئے گئے اگر اس وقت ان انتظامات کے10 فیصد بھی سری لنکن ٹیم کی حفاظت کیلئے کر لئے گئے ہوتے تو شاید آج حالات کچھ اور ہوتے ۔بحر حال ماضی میں جو کچھ ہوا سو ہوا اب اس کو بھلا کر آگے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ایسے وقت میں جب پاکستان دہشت گردی کے ناسور کے خلاف نبرد آزما ہے اور وطن عزیز کے دشمن پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع بھی ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہتے اور دنیا بھر میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے پاکستان کو ایک سیکورٹی رسک ملک قرار دینے کی بھونڈی کوششیں کی جارہی ہیں ایسے میں زمبابوے کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا دورہ نہایت ہی قابل تحسین اقدم ہے اور زمبابوے کی جانب سے اس کئے گئے اس اقدام جتنا بھی سراھا جائے کم ہے۔

دوسر ی طرف زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورے سے پوری دنیا میں یہ پیغام گیا ہے کہ پاکستان ایک پر امن اور مہمان نواز ملک ہے اور پورے ملک سے شائقین کی اتنی بڑی تعداد کا گراونڈمیں پہنچنا یہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیکورٹی کے حوالے سے کیا جانے والا پروپیگنڈہ بے بنیاد ہے۔قارئین!زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے دوسر ے ملکوں کی ٹیموں کو بھی یہ پیغام ملا ہے کہ پاکستان کھیل کے حوالے سے ایک محفوظ ملک ہے اور کوئی بھی ٹیم پاکستان آکر بلا خوف و خطر کھیل سکتی ہے ۔زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ، پاکستانی کھیل کے میدانوں کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے ۔زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر پوری پاکستانی قوم زمبابوے حکومت زمبابوے کرکٹ بورڈاور بالخصوص زمبابوے کرکٹ ٹیم کی انتہائی مشکور ہے، شکریہ زمبابوے کرکٹ ٹیم۔

Mohammad Ali

Mohammad Ali

تحریر : ایم ایم علی