رواں برس ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی: نجم سیٹھی

West Indies

West Indies

لاہور (جیوڈیسک) نجم سیٹھی نے ایک اور بین الاقوامی ٹیم کے دورہ پاکستان کی نوید سنا دی۔ کہتے ہیں کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم رواں سال پاکستان کا دورہ کرے گی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ کی بُک لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی سی بی ایگریکٹو کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان میں کھیلنے کیلئے رضامند ہو گئی ہے۔

اس کے جواب میں قومی ٹیم بھی ویسٹ انڈیز کیساتھ فلوریڈا میں میچ کھیلیں گے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کے حکام سیکیورٹی کے حوالے سے اطمینان چاہتے ہیں۔ امن و امان بہتر رہا تو کیریبین ٹیم ضرور پاکستان آئے گی۔

ویسٹ انڈیز کے پاکستان آنے کے لئے سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہونا ضروری ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں نہ صرف بہت سے سیاسی لوگ تھے بلکہ گھوسٹ ملازمین بھی بڑی تعداد میں بھرتی تھے تاہم اب صورتحال تبدیل ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے نئے منصوبے شروع کر رہے ہیں، جس کے مستقبل میں بہترین نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت کرکٹرز کی کمی نہیں لیکن ان کو مواقع نہیں مل رہے تھے۔ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں بہت سے نئے کھلاڑی پی ایس ایل کا حصہ بن رہے ہیں۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی پر حتمی فیصلہ مصباح الحق نے خود کرنا ہے، بورڈ نے نہیں، جبکہ شاہد آفریدی کے ساتھ تمام معاملات چائے کے کپ پر حل ہو سکتے ہیں۔ نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ اب بھی نیوٹرل مقام پر سہ ملکی سیریز کھیل سکتا ہے مگر نہ کھیلنے کی صورت میں عدالت جانے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔

دروازہ آئی سی سی کا کھٹکٹانا ہے یا عالمی ثالثی عدالت کا؟ فیصلہ وکلاء سے مشاورت کے بعد ہوگا۔ بک لانچنگ تقریب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی اور تشہیری سفیر فواد خان بھی شامل تھے۔ پی ایس ایل کا دوسرا ایڈیشن 9 فروری سے شروع ہوگا۔