جمعرات سے پیر کے دوران کراچی میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

Rain

Rain

اسلام آباد (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات سے پیر کے دوران کراچی سمیت سندھ میں اکثر مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ چار روز کے دوران زیریں سندھ کے علاقوں کراچی، حیدرآباد اور میر پور خاص ڈویژن میں موسلادھار بارش کا امکان ہے جب کہ موسلادھار بارش کے باعث کراچی اور حیدرآباد میں فلڈ وارننگ جاری کرتے ہوئےلوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے پیر کے دوران بلوچستان کے علاقوں ژوب ، سبی ، نصیرآباد، قلات اور مکران ڈویژن جب کہ اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ، کشمیر، لاہور، گوجرانوالہ، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

مون سون کی غیر معمولی بارشوں کے باعث پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا،کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کے خطرے کے پیش نظر آئندہ 5 روز کے دوران مقامی لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے جب کہ کشمیر، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظرمقامی افراد کو مختاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔