وقت آ گیا ہے کہ پولیس کو غیر سیاسی کیا جائے : عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں معصوم بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا جو قابل افسوس ہے، جناح ہسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ حالات کو معمول پر لانے کیلئے پولیس کو سیاستدانوں کی سکیورٹی پر مامور کرنے کی بجائے اسے سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے استعمال کرنا چاہیئے۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ آج وقت آ گیا ہے کہ ایک بار پھر تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات فراموش کر کے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے۔

ہم سب دہشتگردی کا شکار ہیں، دہشتگردوں نے معصوم بچوں کو شہید کیا ، ان سب کا ملک سے مکمل خاتمہ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ملک کے تمام صوبوں میں بلاتخصیص آپریشن کیا جائے اور انہیں چن چن کر مارا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی قابل افسوس ہے کہ پہلے آرمی پبلک سکول راولپنڈی میں معصوم بچوں کو شہید کیا گیا اور اب لاہور میں دہشتگردی کی اس واردات میں بھی معصوم بچوں کا خون بہایا گیا۔

ہمیں اس وقت ایک نکتے پر متفق ہونے کی ضرورت ہے تاکہ قومی سطح پر یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے اور ملک کے دشمن کو مل کر شکست دی جائے ۔ اس موقع پرعمران خان نے ہسپتال میں مریضوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔