آج ہماری معیشت پہلے سے بہتر ہے، وزیراعظم نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ 2013 میں حکومت سنبھالی تو شدید بحران تھا، آج ہماری معیشت پہلے سے بہتر ہے، اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح 49 ہزار تک پہنچ گئی، عالمی اقتصادی اداروں نے پاکستان کی ریٹنگز بہتر کر دی۔

ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دو سال میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کر دیئے، پاکستان آج ایک محفوظ ملک بن چکا ہے جس طرح دنیا کا کوئی دوسرا ملک ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑا کامیاب آپریشن شروع کیا، سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے تباہ کیے، دہشت گردی کے خلاف فوج اور عوام نے جانیں دیں، پاکستان آج ایک محفوظ ملک بن چکا ہے جس طرح دنیا کا کوئی دوسرا ملک ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ اس سال قومی ترقی کی مجموعی شرح کا ہدف 5٫5 حاصل کرلیں گے، غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کررہے ہیں، ویژن 2025 کے تحت پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا، نئے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے عالمی اتحاد کی ضرورت ہے، حکومت نے سماجی تحفظ صحت اور تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کیں، حکومت سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ مالیاتی خسارہ آٹھ اعشاریہ چھ سے کم کرکے چار اعشاریہ دو فیصد پر لے آئے ہیں، ہائوسنگ اور گاڑیوں کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے، پاکستان میں ٹیلی کام کی صنعت نے بے پناہ ترقی کی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح 49 ہزار تک پہنچ گئی، عالمی ادارے پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کررہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقتصادری راہداری منصوبہ خطے کے ملکوں کو آپس میں ملائے گا، ریلوے اور توانائی کے شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے، سی پیک منصوبے سے خطے کے لوگوں کی قسمت بدل جائے گی۔