طورخم بارڈر پر افغان فورسز کی فائرنگ ، 13 افراد زخمی

Torkham border,

Torkham border,

طورخم (جیوڈیسک) طورخم بارڈر پر افغان فورسز نے دوسرے روز بھی بلااشتعال فائرنگ کی ، دو روز میں پانچ اہلکاروں سمیت 13 افراد زخمی ہو گئے ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے افغان فورسز دہشتگردوں کی نقل و حرکت کیخلاف تعمیر کئے جانے والے گیٹ کو نشانہ بنا رہی ہیں ۔ دہشتگردوں کو روکنے کیلئے طورخم بارڈر پر گیٹ لگانے پر افغانستان آپے سے باہر سرحد پر دوسرے روز بھی افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ ، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی ، ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے افغان سیکورٹی فورسز زیر تعمیر گیٹ پر فائرنگ کر رہی ہیں ۔ دہشتگردوں کی نقل و حرکت چیک کرنے کیلئے یہ گیٹ پاکستانی علاقے میں بارڈر سے 37 میٹر اندر تعمیر کیا جا رہا ہے ۔

پاکستان نے واقعہ پر افغانستان سے شدید احتجاج کیا ہے افغان ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کرکے کہا گیا کہ افغان حکومت معاملے کی مکمل تحقیقات کر کے آگاہ کرے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے افغانستان کو مستقبل میں ایسے واقعات سے باز رہنے کی وارننگ بھی دی گئی ۔ افغان ناظم الامور پر واضح کیا گیا ۔ طورخم پر پاکستانی اقدامات سرحدوں پر دہشتگردی خلاف انتظامات موثر بنانے کی کارروائیوں کا حصہ ہیں ۔ سرحد پر کشیدگی کے بعد طورخم اور لنڈی کوتل میں کرفیو نافذ ہے ، کئی دیہات بھی خالی کرا لئے گئے ہیں ۔