سانحہ گلشن اقبال پارک میں ملوث دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے، آئی جی پنجاب

IG Punjab

IG Punjab

لاہور (جیوڈیسک) آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں جب کہ سانحہ گلشن اقبال پارک کے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

لاہور میں خواتین پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشتاق سکھیرا نے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، دھماکے کے فوری بعد ملنے والے شواہد پرشبہ ظاہرکیا جاسکتا ہے، ابتدائی شواہد سے یہ غلط فہمی پیدا ہوئی کہ شاید وہ سانحے میں ملوث تھا، پولیس یا سی ٹی ڈی نے یوسف کو کبھی بھی دہشت گرد قرار نہیں دیا۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب کےعوام کی جان ومال کاتحفظ یقینی بنائیں گےاور سانحہ گلشن اقبال پارک کےملزمان کو قانون کےکٹہرےمیں لائیں گے۔ مشکوک افراد کیخلاف کریک ڈاؤن میں تمام سیکیورٹی ادارے مل کرکام کررہےہیں۔ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلا ف سخت آپریشن کیا جائےگا، گزشتہ روز لاہور میں مقابلے کے دوران مارے گئے دہشت گردوں کا سانحہ گلشن اقبال سے تعلق نہیں تاہم وہ ملزمان دہشت گردی کے دیگر واقعات میں ملوث تھے۔

اس سے قبل پاسنگ آؤٹ پرید سے خطاب کے دوران آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے کہا کہ ہر ملک اور معاشرے کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے اور امید ہےخواتین اہل کار فرائض ایمان داری سےادا کریں گی۔