کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے افغان طالبان سے اتحاد کی تردید کردی

TTP

TTP

لندن (جیوڈیسک) کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے افغان طالبان کے ساتھ اتحاد کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اس قسم کے الحاق کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور اتحاد سے متعلق بیان ان کی ہیک ای میل سے جاری کیا گیا تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے اعتراف کیا ہے کہ افغان طالبان کے ساتھ اتحاد سے متعلق بیان ان کی ہیک ای میل سے جاری کیا گیا تھا۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی کا کہنا تھا کہ ان کی جنگ پاکستان سے ہے اور ان کی توجہ کا مرکز اب بھی پاکستان ہی ہے جب کہ افغانستان یعنی افغان طالبان کے حوالے سے چلنے والی خبر جھوٹی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قبل کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی کے ہی نام سے ایک نئی ای میل کے ذریعے دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے افغان طالبان کے ساتھ مل کر کارروائیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ اس سے قبل افغان طالبان نے بھی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ کسی بھی قسم کےاتحاد کی تردید کی تھی۔