ترکی میں دو دھماکے آٹھ افراد ہلاک، متعدد زخمی

Turkey Blast

Turkey Blast

ترکی (جیوڈیسک) ترکی میں حکام کا کہنا ہے کہ کالعدم کردستان ورکرز پارٹی کے باغیوں نے جنوب مشرقی ترکی میں پولیس کی گاڑیوں پر دو بم حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

کزلتپی میں ہونے والے بم حملے میں تین افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوئے جبکہ دیاربکر میں کار بم کے نتیجے میں پانچ عام شہری ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے ترک سکیورٹی فورسز اور کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے ) کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ جس کے نتیجے میں جنوب مشرقی ترکی میں انتہائی پرتشدد حالات ہیں۔

دیار بکر میں ہونے والا دھماکہ سکیورٹی چیک پوسٹ پر کیا گیا۔ کزلتپی میں ایک ہسپتال کے قریب سڑک کنارے نصب بم کو ریمورٹ کے ذریعے اڑایا گیا۔ اس سے قبل حکام کا کہنا تھا کہ پی کے کے کی جانب سے فائرنگ اور راکٹ داغے گئے جس کے نتیجے میں چار اہلکار ہلاک اور نو مخمی ہوئے۔

پی کے کے کمانڈر نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ’ترکی کے خلاف ایک انداز کی جنگ کا آعاز کیا گیا ہے۔‘ پی کے کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ ’اس جنگ کو ہر جگہ پھیلایا جائے گا بنا پہاڑوں، دیہاتوں اور شہروں میں تفریق کیے۔‘