ترکی: عدالت نے شوہر کو قتل کرنے والی خاتون کو رہا کر دیا

Xaylm krablach

Xaylm krablach

انقرہ (جیوڈیسک) ترکی کی ایک عدالت نے اپنے شوہر کو قتل کرنے والی 24 سالہ خاتون ژائلم کرابلچ کو رہا کر دیا ہے۔ خاتون کا شوہر اس پر تشدد کرتا تھا۔

جس کے بعد یہ انتہائی اقدام اٹھانے پر مجبور ہوئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت کی جانب سے اس خاتون کو اپنے شوہر کے قتل کے جرم میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔ خاتون نے گھر میں رکھی پستول سے فائرنگ کرکے اپنے شوہر کی جان لے لی تھی۔

اس جرم کے ارتکاب میں اسے 15 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ خواتین کے حقوق کیلئے کام کرنے والی ایک تنظیم نے اس فیصلے کیخلاف اپیل دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ژائلم کا شوہر اسے منظم طریقے سے بے پناہ تشدد کا نشانہ بناتا تھا اور قحبہ گری پر مجبور کرتا تھا۔ عدالت نے اپیل کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے ژائلم کیرابلچ کو ضمانت پر رہا کرتے ہوئے اسے عدالتی نگرانی میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔