ترک ماہرین کی زیر نگرانی ٹیوٹا اساتذہ کی جدید تربیت کا آغاز

Toyota Production System

Toyota Production System

راولپنڈی : پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ہنر مند افرادی قوت اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) جو کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کے فروغ کے لئے ملک کا سب سے بڑا ادارہ ہے،ڈیڑھ سال قبل وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اس پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے جواں ہمت سابق صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان قیصر شیخ کو اتھارٹی کا سربراہ بنادیا، جنہوں نے چارج سنبھالنے کے بعدنوجوانوں کو بہت کم مدت میں ہنر مندبنانے کے لئے اقدامات شروع کر دیئے۔ان کے چارج سنبھالنے سے پہلے ٹیوٹا میں ہنر سیکھنے والوں کی سالانہ تعداد 80ہزار تھی، یوں انہوں نے 2015 کے دوران 2لاکھ ہنر مند بنانے کے لئے طے شدہ ٹارگٹ حاصل کر لیا۔یہ ٹارگٹ پبلک ،پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے صنعتی شعبے کی مشاورت اور مارکیٹ میں ہنر مند افراد کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے سہ ماہی اور ششماہی کو رسز کے اجراء کے بعد حاصل کیا گیا ہے جو ان کی ولولہ انگیز قیادت کا عملی نمونہ ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبا ز شریف کے ویڑن کے مطابق ہنر مند نوجوان اور خوشحال پنجاب کے نعرے کو عملی شکل دینے کے لئے چیئر مین ٹیوٹاعرفان قیصر شیخ کوالٹی ٹریننگ کی طرف اب خصوصی توجہ دے رہے ہیں ،کیونکہ نوجوانوں کو جدید تربیت کی فراہمی سے انہیں روزگار کے یقینی مواقع میسر ہوں گے۔ہاسپٹیلیٹی اور ٹورازم سیکٹرمیں نوجوانوں کو جدید تربیت کی فراہمی کے لئے انہوں نے دسمبر 2015ء میں ترکی کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے ترک حکام کے ساتھ ٹیوٹا کے اساتذہ کو ماسٹر ٹرینر بنانے کے لئے تربیتی پروگرام کوحتمی شکل دی۔اس پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچا نے کے لئے ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی( Tika ) کے ماہرایڈوائزرز اور ماسٹر ٹرینرزمارچ کو لاہور پہنچ گئے۔

جنہوں نے ٹیوٹا اساتذہ کو 2ہفتے کی ٹریننگ کا آغاز کر دیاہے۔اس تربیتی پروگرام کے آغاز کے لئے گزشتہ دنوں گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیو ٹ گلبرگ میں باقاعدہ ایک پْروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ، ترک وفد کی سربراہ ہولیا کرمزی گل ، کوآرڈینیٹرمصطفی تیزل، ترک ایڈوائزرز اور ماسٹر ٹرینرزیاسیم بکتر،مسز ایسما اوزکوک ،مسز گلسحر ایلکان ،مسٹر محرم سیلان ،مسٹر چنگیز ساہن ،مسٹر سیرف کانٹوگلو، مسز ٹولے یوگرلو، مسٹر عمر گونے، چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی، ٹیوٹا بورڈ کے ممبران حامد ملہی، نیلوفر سکندر،ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ لاہورکے صدرمحمود غزنوی، اراکین چودھری واجد، میاں زاہد جاوید، رضوان شمسی ، لاہور چیمبرکی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین مسعو د نظامی، محمد شہزاد،ٹیوٹا کی اعلیٰ انتظامیہ اور تربیت حاصل کرنے والے اساتذہ موجود تھے۔

یہ بات قابل فخر ہے کہ ٹیوٹا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ترک ماہرین صوبہ بھر کے منتخب ٹیوٹا اداروں کے اساتذہ کو عالمی معیار کے مطابق جدید تربیت فراہم کر رہے ہیں،تاکہ اس ٹریننگ کے حصول کے بعد اساتذہ اپنے اپنے اداروں میں زیر تربیت نوجوانوں کو بھی جدید تربیت فراہم کرسکیں۔ دو ترک ماسٹر ٹرینر مسز ایسما اوزکوک اور مسز گلسحر ایلکان گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں30 ٹیوٹا اساتذہ کوبین الاقوامی کھانوں کی تیاری میں تربیت فراہم کررہے ہیں۔ اس تربیتی پروگرام کے دوران اساتذہ کو باورچی خانے کی دیکھ بھال، غذائیت، حفظان صحت، کھانے کی حفاظت اور تیاری ، گوشت کو پکانے، فشریز، سلاد بنانے، پاستاکی تیاری، چاول پکانے، ناشتہ، پیسٹری، صحرا کے کھانے وغیرہ کے بارے میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔

مہمان نوازی کے شعبے میں دو ترک ماسٹر ٹرینرمسٹر محرم سیلان اور مسٹر سنگیز ساہن بھی صوبہ بھر کے منتخب ٹیوٹا اداروں کے 20 اساتذہ کو کراؤن پلازہ میں تربیت دے رہے ہیں۔ ترک ماہر ایڈوائزرزمسز ہولیاکرزی گل اور مسز یاسم بکتربھی ترک ماسٹر ٹرینر ز کودوران تربیت معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ اس ٹریننگ پروگرام کے دوران ٹیوٹا اساتذہ کو فرنٹ آفس، ہاؤس کیپنگ، کافی شاپ کے علاوہ مہمانوں کی دیکھ بھال، استقبال ، رہائش کاطریقہ کار، کمرے کی صفائی کے بارے تربیت دی جائے گی۔ زرائع کے مطابق ٹیوٹا نے نوجوانوں کو جدید فنی تربیت کی فراہمی کے لئے ٹاؤن شپ میں گورنمنٹ انسٹی آف ایمرجنگ ٹیکنالوجی کی شاندار عمارت تعمیر کی ہے۔سٹیٹ آف دی آرٹ ادارے میں ہاسپٹیلیٹی شعبے کے متعلقہ کورسز شروع کرنے کے لئے ترک ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔

اس وقت ترکی سے آئے ہوئے وفد میں شامل تین ماہرین مسٹر سیرف کانٹوگلو، مسز ٹولے یوگرلو، مسٹر عمر گونے اس ادار ے میں ہاسپٹیلیٹی شعبے کے متعلقہ ٹریڈز فوڈ اینڈ بیورویج، ہاؤس کیپنگ، فرنٹ ڈیسک مینجمنٹ اور کافی شاپ کے لئے لیبز کی ڈیزائننگ اور تیاری میں فنی معاونت فراہم کر رہے ہیں،تاکہ ان کی رہنمائی میں نئے تعمیر کئے گئے جدید انسٹی ٹیوٹ میں نوجوانوں کوعالمی معیار کی جدیدتربیت فراہم کی جائے۔

ترک حکومت کے تعاون سے ہاسپٹیلیٹی اور ٹورازم سیکٹرکے لئے ترتیب دیا گیا پروگرام یقیناًٹیوٹا کے لئے بے حد موثر ثابت ہوگااورترک ماہرایڈوائزرز اور ماسٹر ٹرینرزکی جانب سے ٹیوٹا کے اساتذہ کو تربیت کی فراہمی سے صوبہ پنجاب کے نوجوان عملی فائدہ حاصل کریں گے؟اس طرح فارغ التحصیل نوجوانوں کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر روزگار کے یقینی مواقع میسر ہوں گے۔نوجوانوں کو یقینی روزگار کی فراہمی ہی چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،کیونکہ ہنر سیکھنے کے بعد بر سرروزگار نوجوان اپنے خاندان کی معاشی کفالت میں اپنا کردار ادا کریں گے اور اس طرح ٹیوٹا اپنے مشن کو عملی جامہ پہنانے میں کامیاب ہو سکے گی۔