ٹی وی ون کی اسکرین پر دیکھئے تین نئے ڈرامے

Drama

Drama

کراچی (جیوڈیسک) خدا گواہ‘،’خوشبو کا سفر‘ اور’میں ستارہ‘۔۔ ٹی ون سے نشر ہونے والے ایسے ڈرامے ہیں جو منفرد موضوعات کے سبب ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑ چکے ہیں۔

رمضان کے بعد عید اسپیشل شوز اوراب نئے ڈراموں کی بدولت ہی’ ٹی وی ون‘ کو اسی پائے کی شہرت ملنے لگی ہے جو کبھی پی ٹی وی اور این ٹی ایم کے ڈراموں کو ہوا کرتی تھی۔ یہ ایسے ’ٹیسٹ‘ کے ڈرامے ہیں جنہوں نے پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو نیا عروج بخشا ہے۔

خدا گواہ

’خدا گواہ ‘ جذباتی کشمکش اورالجھاؤ سے گزرتی ایک لڑکی ’منزہ‘ کی کہانی ہے ۔شہروز اس کی محبت ہے جس کے ساتھ وہ خوش گوار زندگی گزارنے کے سپنے دیکھتی ہے لیکن وہ حقیقت سے بے خبر ہے کہ آنے والا وقت اس کے لئے اپنی جھولی میں کچھ اور ہی لے کر آرہا ہے۔

شادی کے دن ہی ایک سڑک حادثے میں منزہ کی ماہ مدیحہ شدید زخمی ہوجاتی ہے اور مرنے سے کچھ دیر قبل ہی یہ انکشاف کرتی ہے کہ منزہ جسے اپنا والد سمجھتی ہے درحقیقت اس کا باپ نہیں بلکہ منزہ اس کے ایک گناہ کا نتیجہ ہے۔

یہ انکشاف منزہ کی زندگی کو ہی نہیں پورگھرانے کو ہلاکر رکھ دیتا ہے ۔ آخر کار شہروز پر بھی یہ بات واضح ہوجاتی ہے ۔ ایسی صورت میں اس کا رد عمل کیا ہوتا ہے اور وہ منزہ سے اب شادی کرے گا بھی یا نہیں ۔۔۔یہ راز اس ڈرامے کی اگلی قسطوں میں جاکر کھلے گا۔

خدا گواہ کو ڈائریکٹ کیا ہے عاصم علی نے جبکہ رائٹرز ہیں ارم وصی اور صائمہ وصی۔ کاسٹ میں جاوید شیخ،مومل شیخ،حسن نیازی اور بدر خلیل شامل ہیں۔

خوشبو کا سفر

’خوشبوکا سفر‘محبت کی روایتی کہانی کے گرد گھومتا ہے جس میں محبت میں قربانی کو موضوع بنایا گیا ہے۔طلال اورربا ایک دوسرے سے دیوانی وار محبت کرتے ہیں۔لیکن جس وقت طلال ربا کوپروپوزکرنا چاہتا ہے اسے پتا چلتا ہے کہ وہ ایک ایسی بیماری میں مبتلا ہے جو اسے آہستہ آہستہ نابینا کردے گی اور اس کی دنیا اندھیری ہوجائے گی۔

ربا کواس صدمے سے بچانے کے لئے طلال جان بوجھ کراپنے خلاف غلط فہمیاں پیدا کرنے لگتا ہے تاکہ ربا اس سے نفرت کرنے لگے اوردورہوجائے ۔پھراچانک ایک دن وہ غائب ہوجاتاہے۔

’خوشبوکے سفر‘ میں طلا ل کی قربانی اسے محبت دلاپاتی ہے یانہیں یہ راز آگے جاکر کھلے گا۔

عدنان صدیقی،میرا سیٹھی،ہمایوں اشرف اورنوشین کاسٹ میں نمایاں ہیں۔ ڈرامے کو لکھا رفعت سراج نے ہے جبکہ ڈائریکشن بابرقیوم کی ہیں۔

میں ستارہ

ٹی وی ون کی اس سیریل ’’میں ستارہ‘‘ میں پاکستان فلم انڈسٹری کے سنہرے دور کی جھلک دکھائی گئی ہے۔فلمی دنیا کی چکاچوند اور گلیمر کے پیچھے چھپے تاریک گوشے۔ بے وفائیوں اوردھوکے بازیوں کی داستانوں کو ’’میں ستارہ‘‘ میں تصویر کے دوسرے رخ کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

غریب گھرانے کی ثریا کوقسمت مشہورفلم ڈائریکٹرفرہاد اوراس کی اداکارہ بیوی کے گھرپہنچا دیتی ہے۔ثریا کو اس کی خوبصورتی کے سبب ہیروئنز کے رولز ا?ٓفرز ہونے لگتے ہیں۔

لیکن مشہور اور دولت مند ہونے کا خواب دیکھنے والی ثریا کی زندگی اسے دوراہے پرلاکر کھڑی کردیتی ہے۔

میں ستارہ کو ڈائریکٹ کیا ہے سیما طاہرخان نے اورلکھا ہے فائزہ افتخار نے۔ ڈرامے کی کاسٹ میں صبا قمر،میکال،نعمان اعجاز،فلم اسٹارمیرا،عائشہ گل،حسن احمد اور ٹیپو شامل ہیں۔