یونیسیف سال کی بہترین تصویر کا انعام مقدونیہ کے فوٹو گرافر لے اڑے

UNICEF

UNICEF

نیو یارک (جیوڈیسک) عالمی میڈیا کے مطابق روتے پناہ گزین بچے دکھانے والی اور سال کی بہترین تصویر کا انعام پانے والی فوٹوگرافر گیورگی لیکووسکی کی تصویر ، جو مقدونیہ اور یونان کی مشترکہ سرحد پر اتاری گئی ، جو کہ پناہ کے متلاشی دو روتے ہوئے بچوں کی ہے ۔ یونیسیف جرمنی کی سرپرستِ اعلیٰ ڈانیئلا شاٹ نے گزشتہ روز برلن میں جیوری کے فیصلے کا جواز بتاتے ہوئے کہا : ”اس تصویر میں ایک ایسے لمحے کو قید کیا گیا ہے ، جس میں یورپ کی گومگو کی کیفیت اور یورپ کی ذمے داری دونوں کو ایک ساتھ دیکھا جا سکتا ہے ۔ یہ آپ کو اپنی گرفت میں لینے والی ، ذہانت سے اتاری گئی اور ناقابلِ یقین طور پر طاقتور تصویر ہے ۔ “

اس اعزاز پر شکریہ ادا کرتے ہوئے فوٹوگرافر گیورگی لیکووسکی نے کہا:”مجھے اس بات کا افسوس ہے کہ مَیں ایسے تمام بچوں کی تصاویر نہیں اتار سکا اور ان تمام آنسووں کو گرفت میں نہیں لے سکا ، جو بچوں نے پناہ کی تلاش کے سفر میں بہائے ہیں ۔ “
لیکووسکی نے بتایا کہ یہ سال خود ان کے اپنے لیے بھی اور ان کے ساتھی فوٹو گرافروں کے لیے بھی بہت مشکل سال تھا اور بعض اوقات وہ خود بھی اپنے آنسو نہیں روک پاتے تھے ۔ لیکووسکی کا کہنا تھا:”پناہ کے متلاشیوں کی تکلیف اور پریشانی پولیس کی طرف سے آویزاں کی گئی تختیوں سے کہیں زیادہ طاقتور ہے ۔ “ لیکووسکی نے امید ظاہر کی کہ ان کی تصاویر اس دنیا کے سربراہانِ مملکت و حکومت کے دلوں کو چھوئیں گی اور وہ مل کر پناہ گزینوں کے بحران کا حل تلاش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اتنی طاقتور ضرور ہے کہ آسانی سے اس مسئلے کو حل کر سکے ، ضرورت محض اچھی نیت اور ارادے کی ہے ۔