متحدہ کا آج چوہدری نثار کے خلاف مظاہرے کا اعلان

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے قائد متحدہ الطاف حسین کیخلاف بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اورآج (منگل کو) کراچی میں وزیر داخلہ کے بیان کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا اعلان کردیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے ،چوہدری نثار کو الطاف حسین فوبیا ہوگیا ہے ۔ الطاف حسین اور ایم کیو ایم فوج کے خلاف نہیں، کچھ لوگ غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کی شب ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر اراکین رابطہ کمیٹی ، حق پرست اراکان سینیٹ ، قومی و صوبائی اسمبلی اور تنظیمی شعبہ جات کے ذمے داران کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

فاروق ستار نے کہا کہ ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر چوہدری نثار نے الطاف حسین ، ایم کیو ایم اورمہاجروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ماضی میں اس قسم کی اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ایم کیو ایم اور الطاف حسین کو مہاجروں سے دور نہیں کیا جا سکاہے اور نہ ہی اس مرتبہ یہ ساز ش کامیاب ہوگی۔
اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں الطاف حسین کے خلاف ایف آر درج کرنے کا سلسلہ کالعدم جماعتوں کی جانب سے کیا جارہاہے

اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ چوہدری نثار نے الطاف حسین کے خطاب کی پریس ریلیز کو ٹھیک طریقے سے نہیں پڑھاجس میں الطاف حسین نے پاک فوج کے ساتھ ہونے اور پاکستان کی محبت کی بات کی تھی۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق نے کہا ہے کہ ایم کیوایم چوہدری نثار کے بیان کے خلاف آج (منگل کو) شام 4 بجے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔

مزید برآں فاروق ستار نے کہا کہالطاف حسین نے اپنے خطاب میں ایم کیو ایم کے کارکنان کے خلاف ہونیوالے ظلم ،ستم اور زیادتیوں کو روکنے کی اپیل کی تھی جسے اشتعال انگیزی سے تشبیہ دی جارہی ہے۔ ہم زیاتیوں کے خلاف آواز بلند نہ کریں تو اور کیا کریں ،ایم کیو ایم کے خلاف آپریشن بند کیا جائے ،ہم محب وطن ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے 40 کارکنان کا ماورائے عدالت قتل ، 200 کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ اور سینکڑوں کے لاپتہ ہونے کے باجود ہم نے پاکستان کی ریاست اور ریاستی اداروں سے وفاداری کا ثبوت دیاہے۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ڈاکٹر عمران فاروق شہید کے سر کی قیمت لاکھوں روپے لگائی تھی جس کے سبب انھیں 7سال روپوشی کی زندگی گزارنی پڑی تھی تو کیا چوہدری نثار ایم کیوا یم اور مہاجر قوم سے معافی مانگیں گے؟۔

علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان مصطفی عزیزآبادی، قاسم علی رضااور محمداشفاق نے کہاہے کہ قائدتحریک الطاف حسین کی تقریرپر چراغ پاہونے والے وفاقی وزیرداخلہ اس وقت چراغ پاکیوں نہ ہوئے جب پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف زرداری فوجی جرنیلوں کو للکار رہے تھے، اس وقت وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکی غیرت کہاں سوئی ہوئی تھی۔ اپنے مشترکہ بیان میں اراکین رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اب مہاجرقوم گیدڑبھبکیوں میں نہیں آئے گی۔