برطانیہ جتنی جلدی ہوسکے یورپی یونین سے نکل جائے، صدر یورپی یونین

Jean-Claude Juncker

Jean-Claude Juncker

برلن (جیوڈیسک) یورپی کمیشن کے صدر جین کلاڈ جنکر کا کہنا ہے کہ برطانیہ نے یورپی یونین کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے لہٰذا جتنی جلدی ہوسکے وہ یورپی یونین سے نکل جائے۔

برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے فیصلے پر جرمنی کے دارالحکومت برلن میں یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا جہاں یورپی کمیشن کے صدر جین کلاڈ جنکر کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ اب برطانیہ کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ یورپی یونین کے ساتھ کس طرح کے تعلقات چاہتا ہے کیونکہ برطانیہ نے یورپی یونین کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے لہٰذا اب اکتوبر تک انتظار کرنے کا کوئی مقصد نظر نہیں آتا۔

جن کلاڈ نے کہا کہ برطانیہ کے لیے اب ممکن نہیں کہ وہ جس کو چاہے چھوڑ دے اور جس میں چاہے شامل ہوجائے، اس فیصلے پر ذاتی طور پر مجھے کافی دکھ پہنچا ہے تاہم اس فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ اجلاس میں جرمنی کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ برطانیہ جتنی جلدی ہوسکے یورپی یونین سے نکلنے کا عمل شروع کرے تاکہ ہم یورپ کے مستقبل پر توجہ سے سکیں۔

واضح رہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین کا حصہ رہنے یا علیحدہ ہونے کے حوالے سے ریفرنڈم کرایا گیا تھا جس کے نتائج کے مطابق برطانوی عوام نے یورپی یونین پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یورپی اشتراک سے علیحدگی کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔