متحدہ نے شیڈو بجٹ پیش کر دیا، بلاواسطہ ٹیکسوں میں اضافے کی مخالفت کا اعلان

Farooq Sattar

Farooq Sattar

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی کے ایک ہوٹل میں شیڈو بجٹ پیش کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ حکومت نے کسی بھی قسم کی فیس بلاواسطہ ٹیکس کی مد میں متعارف کرائی تو سخت مخالفت کریں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے بجٹ تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی بجٹ کے ساتھ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے فنڈز میں بھی اضافہ کیا جائے۔

جبکہ کرپشن کے خامتے کے لئے سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فارن ایکسچینج کے قوانین میں ترامیم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ سمیت اشیاء کی غیرقانونی نقل و حمل کی روک تھام کے لئے مربوط اقدامات اٹھائے جائیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے تجویز دی کہ بیرون ملک غیرقانونی طریقے سے رقم بھیجنے پر پابندی لگائی جائے چاہے ایسا کسی آف شور کمپنی کے لئے ہی کیوں نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ درآمد پر انڈر اور اوور انوائسنگ کو ختم کیا جائے، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے مزدور کی کم از کم اجرت بیس ہزار کرنے کی تجویز بھی دی۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے میں کراچی سرکلر ریلوے کے لئے ڈیڑھ ارب ڈالر رکھے جائیں۔