عالم گیر نے کراچی میں گٹر کے ڈھکن لگانے شروع کر دیے

Pakistan Karachi Alamgir Fixit

Pakistan Karachi Alamgir Fixit

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کی شاہراہوں پر کھلے ہوئے مین ہولز کے قریب بطور احتجاج وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کی تصویری مہم شروع کرنے والے عالمگیر نے خود ہی شہر میں گٹر کے ڈھکن لگانے شروع کردیئے۔

کہتے ہیں ان کے عمل سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو معاف کردے۔ عالمگیر خان کی جانب سے سندھ حکومت کو گٹروں کے ڈھکن لگانے کے حوالے سے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی، جس کے بعد انہوں نے خود ہی اس کام کا آغاز کردیا ہے۔

مشن کی ابتدا انہوں نے یونیورسٹی روڈ سے کی اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کھلے گٹروں پر ڈھکن رکھنے کے کام میں ان کی مدد کرے۔ اس موقع پر عالمگیر خان نے کہا کہ پہلاڈھکن اسی گٹرپرلگاؤں گاجہاں وزیراعلیٰ کی تصویر بنائی تھی۔

فکس اٹ کے نام سے سوشل میڈیا پر یہ انوکھی مہم جنگل کی آگ کی طرح یوں پھیلی کہ اس کی آنچ سے سائیں قائم علی شاہ بھی بچ نہ سکے۔

عالم گیر نے اسی پر بس نہیں کیا اب انہوں نے اپنی مہم کے دوسرے مرحلے کا اعلان کیا ہے اور جیل چورنگی سے صفورا چورنگی تک تمام کھلے گٹروں پرڈھکن رکھنے کا اعلان کیا ہے۔