جامعہ بنوریہ عالمیہ کے زیر اہتمام یہ وطن تمہارا ہے تم ہو پاسبان اس کے ریلیز کردیا گیا

Jamia Binoria

Jamia Binoria

کراچی (پ ر) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے زیر اہتمام یہ وطن تمہارا ہے تم ہو پاسبان اس کے ریلیز کردیا گیا، جس کو جنید جمشید، نعمان شاہ ، حافظ ابوبکر ، فہد شاہ کی آواز میں ریکارڈ کیاگیا، ویڈیو ریلیز کے موقع پر کراچی کے مقامی ہوٹل میں پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا۔

تقریب سے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم ، معروف مبلغ جنید جمشید،جامعہ بنوریہ عالمیہ کے نائب مہتمم مولانا نعمان نعیم ، مولانا طاہر عباسی، مولانا طلحہ عتیق سمیت دیگر علماء کرام نے خطاب کیا ،اس موقع پر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے ناظم مولانا عبدالحمید خان خوری ، مولانا غلام رسول ، مولانا فرحان نعیم ، مولانا سیف اللہ ربانی سمیت صحافی وکلاء اور دانشوروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم کہاکہ بنوریہ میڈیا کی جانب سے ریلز کی گیا نغمہ یہ وطن تمہارا ایک اچھی کوشش اور بہترین کارکردگی کا مظہرہے،مدارس کو دہشت گردی اور ملک دشمنی کے طعنے دینے والے یاد رکھیں، ہمارے آباؤاجداد نے اس ملک کو بنایا تھا اور ہم ہی اس ملک کو سنواریں گے۔

مدارس دہشت گردی کی تعلیم نہیں دیتے، انہوں نے کہاکہ میرا دعویٰ ہے کہ جتنے بھی دہشت گرد ہیں ان کو میرے مدرسے میں لایا جائے بغیر کسی ڈانٹ ڈپٹ اور ڈنڈے ان کی اصلاح ہوگی اور وہ دہشت گردی سے تائب ہوں گے،انہوں نے کہاکہ میڈیا کا معاشرے میں اہم رول ہے اگر یہ درست سمیت چلا تو پورا معاشرہ ہی درست سمت چل پڑیگا، انہوں نے کہاکہ ہمارے ملکی میڈیا میں فحاشی زیادہ اور تربتی اور معلوماتی پیغامات میں کمی آرہی ہے جو مستقبل میں معاشرے کیلئے درست نہیں ہوگا، اس موقع پر جنید جمشید نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علماء اور مدارس دین کی اشاعت میں مصروف ہیں اور محبت پھیلارہے ہیں اگر ان کا کام بغض وعداوت ہوتا تو آج گانے والا جنید جشمید ہدایت کی راہ پر نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے علماء اور اکابر کی قدر کرنی چاہیے اور میڈیا کے میدان میں دینی اداروں کی ترجمانی بہت ضروری ہے،مولانا نعمان نعیم نے خطاب کرتے ہوئے تقریب میں آئے تمام ممہانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس ویڈیو کلب اور بنوریہ میڈیا سے ہمارا مقصد معاشرے میں مثبت سوچ کو پروان چڑھانے کے ساتھ ساتھ ملا اور مسٹر کی تقریب کو ختم کرنا ہے۔مولانا طاہر عباسی نے اپنے خطاب میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے تمام شعبہ جات کا تعارف اور پروگرام کا ایجنڈا پیش کیا ، اس موقع پر مفتی زین حسن نے اپنے خطاب میں بنوریہ میڈیا سال تمام پروجیکٹس کا مختصر تعارف کروایا۔