نامعلوم نمبر سے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں : وسیم اختر

 Waseem Akhtar

Waseem Akhtar

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے نامزد میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ انہیں نامعلوم نمبر سے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں، اگر انہیں کچھ ہوا تو سندھ حکومت ذمہ دار ہو گی۔

کراچی میں اے ٹی سی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے نامزد میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی صفائی مہم کو سازش کا نشانہ بنا کر سبوتاژ کیا گیا ہے۔

ایم کیو ایم میں صفائی کرانے والوں کو شہر میں ایم کیو ایم کی صفائی مہم اچھی نہیں لگی۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ انہیں نامعلوم نمبرز سے قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور خاموشی اختیار کرنے کا کہنا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں دھمکی دی جا رہی ہے کہ اگر وہ خاموش نہیں ہوئے تو انہیں قتل کر دیا جائے گا یا ان کے بچوں کو اغوا کر لیا جائے گا۔

وسیم اختر نے وفاقی وزیر داخلہ، کور کمانڈر کراچی ، ڈی جی رینجرز اور وزیر اعلیٰ سندھ سے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہو گی۔