رواں برس کیلیے حج پالیسی تیار، سرکاری حج کے اخراجات کی رقم نہ بڑھانے کا فیصلہ

Hajj

Hajj

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت مذہبی امور نے حج کے لیے پالیسی تیار کرلی ہے جس کے تحت اس برس عازمین حج گزشتہ برس ہی جتنی رقم پر سرکاری سطح پر فریضہ ادا کرسکیں گے۔ رواں سال ایک لاکھ 43 ہزار عازمین حج سعودی عرب جائیں گے، نجی حج ٹور آپریٹرز کا کوٹہ دس فیصد کم کرکے سرکاری اسکیم میں اضافہ کردیا گیا ہے ،جس کے بعد اب 60 فیصد عازمین سرکاری حج اسکیم جب کہ 40 فیصد نجی کمپنیوں کے تحت جائیں گے۔

وزارت مذہبی امور نے رواں سال سرکاری حج اخراجات نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد اب ملک کے جنوبی علاقوں سے تعلق رکھنے والے عازمین 2لاکھ 55 ہزار جبکہ شمالی علاقوں سے تعلق رکھنے والے 2 لاکھ 64 ہزار روپے میں سرکاری اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔

دوسری جانب وزارت مذہبی امور نے نئی حج پالیسی میں ارکان پارلیمنٹ اور وزرا کے لیے مخصوص کوٹے کی مخالفت کی ہے تاہم وزیر مذہبی امور سردار یوسف سمیت کئی اعلیٰ حکام اس کوٹے کو جاری رکھنے کی حمایت کی ہے۔