بالائی علاقوں میں برفباری جاری ،متعدد مقامات پر رابطہ سڑکیں بند

Snowfall

Snowfall

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے ،متعدد مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں جس سے لوگوں کو مشکلات کاسامنا ہے۔ چترال میں مستوج، لواری ٹاپ، گرم چشمہ اور لوئر چترال کے پہاڑوں پر رات سے وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے،جس کے باعث چترال پشاور روڈ پر ٹریفک معطل ہو گیا ہے۔

شانگلہ میں الپوری اور قریبی پہاڑی علاقوں میں برفباری سے بشام سوات روڈ بند ہے،دیر بالا کے علاقے تھل، کلکوٹ اوربراول سمیت مختلف پہاڑی علاقوں میں رات کے وقت 1 سے ڈیڑھ فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی، اِن علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ،ہزارہ ،پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، اسلام آباد ، بالائی فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ اگلے چند روز کے دوران پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے وقت ہلکی دھند کا امکان ہے۔