شہری افواہوں پر کان نہ دھریں بچوں کو اغواء کرنیوالا خانیوال میں کوئی گروہ نہیں ہے

DPO Khanewal Speech

DPO Khanewal Speech

خانیوال (چوہدری نوید اشرف کمبوہ) شہری افواہوں پر کان نہ دھریں ‘بچوں کو اغواء کرنیوالا خانیوال میں کوئی گروہ نہیں ہے تاہم اگر آپ کسی مشکوک شخص کو دیکھیں تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں یا اسے پکڑ کر پولیس کے حوالہ کریں اور ان پر ہرگز تشدد نہ کیا جائے ‘نمبر دار اپنے اپنے علاقوں میں ٹھیکری پہرہ لگوائیں اور اسے موثر بنائیں ۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرجہانزیب نذیر خان نے گذشتہ روز پولیس لائن خانیوال میں ضلع بھر کے نمبرداران سے منعقدہ کنونشن کے دوران کیا۔

اس موقع پر ڈی سی او زید بن مقصود ‘ایم پی اے حسین جہانیا ںگردیزی ‘اے سی عابد حسین بھٹی اور ضلع بھر کے ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی ۔انہوں نے کہاکہ آجکل بچوں کے اغواء کے متعلق افواہیں پھیلائی جارہی ہیں کہ کچھ گروہ بچوں کو اغواء کررہے ہیں یہ صرف محض افواہ ہے اس سے زیادہ کچھ نہیں ۔انہوں نے کہاکہ اپنے اپنے علاقوں میں اعلانات کروائیں کہ شہری خوف زدہ نہ ہوں ‘خانیوال میں ایسا کوئی گروہ نہیں جو بچوں کو اغواء کرے ‘اگر ایسا کوئی گروہ پایا گیا تو پولیس اسے عبرت کا نشان بنا دے گی لیکن آپ کے بچوں پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے کیونکہ خانیوال پولیس ایسے عناصرسے نمٹنا اچھی طرح جانتی ہے ہم آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں اور اپنے بچوں کو بلاخوف وخطر تعلیم کے حصول کیلئے تعلیمی درسگاہوں میں بھجوائیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ اعلانا ت کے ذریعے لوگوں کو آگاہ کریں کہ کسی بھی مشکوک شحص کے نظر آنے پر اسے تشدد کا نشانہ نہ بنائیں بلکہ فوری طور پر پولیس کو اطلاع کریں تاکہ پولیس ایسے عناصر کیخلاف قانون کیمطابق سخت کاروائی کرسکے ۔ڈی پی او نے کہاکہ تمام نمبرداران اپنے اپنے علاقوں میں ٹھیکری پہرہ کو یقینی اور موثر بنائیں اور ٹھیکری پہرہ پر مامور لوگوں کو باور کروایا جائے کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول اور مشکوک افراد پر خصوصی نظر رکھیں۔